اسلام آباد۔23دسمبر (اے پی پی):فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) کے ڈائریکٹر میڈیاو ترجمان محمد اسد طاہر نے کہاہے کہ طلباء ملکی مستقبل کے رکھوالےاور عملی زندگی کا آغاز کرتے ہوئے جلد ہی ممکنہ ٹیکس گزار بنیں گے، طلبا ایف بی آر کے برانڈ ایمبیسیڈر بھی بن جائیں اور اپنے تعلق داروں کو اپنے ٹیکس واجبات کی ادائیگی کی جانب راغب کریں تاکہ ہمارا ملک معاشی طور پر خود کفیل اور قومی اور بین الاقوامی بھاری قرضوں کے ناسور سے آزاد ہو۔انہوں نے یہ بات مختلف تعلیمی اداروں میں طلبا وطالبات میں ٹیکس کی اہمیت اورٹیکس سے متعلق آگہی کیلئے منعقدہ سیشنز سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
ایف بی آر نے ٹیکس کمپلائنس اور شہریت کی تعلیم کو فروغ دینے کے لئےے بحریہ یونیورسٹی، نسٹ، اسلام آباد اور قائداعظم یونیورسٹی کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرکے مختلف سرکردہ سرکاری اور نجی یونیورسٹیوں میں داخل ہونے والے کیمپس میں طلباء سے بات چیت کی۔ ایف بی آر نے ٹیکس آگاہی اور کمپلائنس کے نام سے طلباء کیلئے ایک متحرک فورم کے قیام کی تجویز بھی پیش کی ہے جس کا مقصد توجہ طلب گروپ ڈسکشنز، سیمینارز، لیکچرز اور واک کے ذریعے ٹیکس کے متعلق تعلیم اور آگاہی کو فروغ دینا ہے۔
ایم او یو کو عملی جامہ پہنانے کیلئے ایف بی آر نے قائداعظم یونیورسٹی، اسلام آباد میں سکول آف مینجمنٹ سائنسز کے زیر اہتمام ایک انٹرایکٹو سیشن کا انعقاد کیا۔ محمد اسد طاہر نے طلباء سے خطاب کرتے ہوئے ملک کے لئے ٹیکس کی ادائیگی کے دائرہ کار اور اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ طلباء نہ صرف ملکی مستقبل کے رکھوالے ہیں بلکہ اپنی عملی زندگی کا آغاز کرتے ہوئے جلد ہی ممکنہ ٹیکس گزار بنیں گے، اس لئے ضروری ہے کہ وہ ایف بی آر کے برانڈ ایمبیسیڈر بھی بن جائیں اور اپنے تعلق داروں کو اپنے ٹیکس واجبات کی ادائیگی کی جانب راغب کریں تاکہ ہمارا ملک معاشی طور پر خود کفیل ہو اور قومی اور بین الاقوامی بھاری قرضوں کے ناسور سے آزاد ہو۔
بعد ازاں طلباء اور فیکلٹی ممبران کی جانب سے ٹیکس کے بارے میں سوالات پوچھے گئے اور ڈائریکٹر میڈیا نے ان کے جوابات دیئے۔ انہوں نے ٹیکس انتظامیہ کے بارے میں چند غلط فہمیوں کی بھی وضاحت کی اور ریونیو ایڈمنسٹریشن میں ہونے والی تازہ ترین پیشرفت، بالخصوص تکنیکی عوامل اور ڈیجیٹلائزیشن پر بھی روشنی ڈالی۔آخر میں راشد جاوید رانا، سیکرٹری فیسیلی ٹیشن اینڈ ٹیکس پیئرز ایجوکیشن، ایف بی آر نے پاکستان میں ٹیکس کے بارے میں دلچسپ کوئز پروگرام کی نظامت کی اور جیتنے والے طلباء کو ڈائریکٹر میڈیاایف بی آر اور قائد اعظم یونیورسٹی فیکلٹی کی جانب سے اسسٹنٹ پروفیسرز ڈاکٹر علی رضا اور اور ڈاکٹر وسیم عباس شاہین نے انعامات تقسیم کئے۔