طلبا و طالبات تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ کھیلوں کی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں، رفعت مسعود

124

اسلام آباد۔25اکتوبر (اے پی پی):اسلام آباد ویمن ہاکی کلب کی سربراہ و سابق انٹرنیشنل کھلاڑی میڈم رفعت مسعود نے کہا ہے کہ طلباو طالبات تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ کھیلوں کی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور پاکستانی خواتین کھلاڑی کسی سے کم نہیں بلکہ ان کھلاڑیوں کو سہولیات فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیڈرل بورڈ بوائز انٹر کالجیٹ ہاکی چیمپئن شپ میں بطور مہمان خصوصی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں خواتین میں کھیلوں کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اور اس ٹیلنٹ کو بروئے کار لانے کے لئے حکومت کو ترجیحی بنیادوں پر ٹھوس اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ پاکستانی خواتین کھلاڑی کسی سے کم نہیں بلکہ ان خواتین کھلاڑیوں نے بین الاقوامی سطح پر میڈلز حاصل کرکے ملک و قوم کا نام روشن کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلباوطالبات ملک کا سرمایہ ہیں اور ان کی حوصلہ افزائی بہت ضروری ہے۔

ایک سوال کے جواب میں سابق انٹرنیشنل کھلاڑی رفعت مسعود نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں کھیلوں کے انعقاد کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے اور سپانسرز کو کرکٹ کی طرح دیگر کھیلوں پر بھی توجہ دینی چاہئے تا کہ دوسرے کھیل بھی ترقی کر سکیں۔