طلبہ اتحاد ، ایمان اور تنظیم کے سنہری اصولوں پر عمل کرکے کامیابی حاصل کریں ۔ وفاقی وزیرعلی زیدی کا گریجویشن تقریب سے خطاب

68

کراچی۔24اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی نے کہا ہے کہ کامیابی کا راز اتحاد ،ایمان اور تنظیم میں ہے ،تمام طلبہ ان سنہری اصول پر عمل کریں اور کامیابی حاصل کریں وزیر اعظم عمران خان سے سیکھا ہے کہ ہارتا وہ ہے جو ہار مان لیتا ہے، کامیاب انسان وہ ہوتا ہے جس میں انسانیت کا جذبہ ہو،پاک بھارت میچ میں شاہین آفریدی بھارت کو سرپرائز دیں گے ۔

پی ٹی آئی کراچی کے جانب سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے الفاء کالج کی گریجویشن تقریب سے خطاب اور بعدازاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔وفاقی وزیر نے پاک بھارت کرکٹ میچ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ پر امید ہے ، پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ ہمیشہ دلچسپ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے لوگ کرکٹ کے بارے میں بہت پرجوش ہو جاتے ہیں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی آج کے میچ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے اور بھارت کو سرپرائز دیں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ تمام طلبہ کو اپنی ڈگری مکمل کرنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں ،تعلیمی اداروں میں بہت یادگار لمحات ہوتے ہیں ،میں جب بھی یونیورسٹی یا کالج کے سامنے گزرتا ہوں تو مجھے اپنا زمانہ یاد آجاتا ہے،زمانہ طالب علمی کو ہمیشہ یاد رکھیں ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ کامیابی کا راز اتحاد ،ایمان اور تنظیم میں ہے ،تمام طلبہ ان سنہری اصول پر عمل کریں اور کامیابی حاصل کریں ۔