فیصل آباد۔ 16 فروری (اے پی پی):فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے قائمقام صدر ڈاکٹر سجاد ارشد نے کہا کہ نو جوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے کےلئے تعلیم ضروری ہے مگر بدقسمتی سے تربیت کے فقدان کی وجہ سے یہ طلبہ صرف نوکریوں کے پیچھے بھاگتے ہیں حالانکہ وہ سکل ڈویلپمنٹ کے ذریعے تنخواہ سے کہیں زیادہ کمانے کے علاوہ دوسروں کےلئے روزگار کا ذریعہ بھی بن سکتے ہیں لہٰذا طلبہ نوکریوں کے پیچھے بھاگنے کی بجائے سکل ڈویلپمنٹ پر توجہ دیں تاکہ وہ بہترین روزگارحاصل کرسکیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے دی یونیورسٹی آف فیصل آباد کے پلیسمنٹ بیورو کے زیر اہتمام کیریئر لنک کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ دی یونیورسٹی آف فیصل آباد عصر حاضر کے علمی تقاضوں سے ہم آہنگ ایسے اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان تیار کر رہی ہے جو موجودہ اداروں میں جدید اصلاحات کےلئے معیاری خدمات سر انجام دینے کے علاوہ بیک وقت اپنا ذاتی کاروبار شروع کرنے کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں۔مذکورہ جاب فیئر میں ملک کی سو سے زائد سرکردہ کمپنیوں نے اپنے سٹال لگائے اور بڑی تعداد میں یونیورسٹی کے فارغ التحصیل طلبہ کوآفر لیٹر بھی دیئے۔انہوں نے دی یونیورسٹی فیصل آباد کے قیام کو مقامی طلبہ کےلئے ایک نعمت قرار دیا اور کہا کہ یہاں معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ طلبہ کی تربیت پر بھی خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔
انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ نوکریوں کے پیچھے بھاگنے کی بجائے اپنا کاروبار شروع کرنے کو ترجیح دیں کیونکہ اس سے ان کو اپنی بھر پور صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کا موقع ملے گا۔انہوں نے یونیورسٹی انتظامیہ کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کے طلبہ بیک وقت دونوں شعبوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر نے کے اہل ہیں۔ دی یونیورسٹی آف فیصل آباد کے بورڈ آف گورنرز کے چیئرمین ایم حیدر امین نے کہا کہ یہ ادارہ آئندہ نسلوں کی تعلیم و تربیت کی ضروریات کو پورا کر رہا ہے تاکہ پاکستان کو معاشی اور صنعتی طور پر مستحکم بنانے کےلئے ان کی خدمات سے فائدہ اٹھایا جا سکے۔ اس موقع پر رجسٹرار زاہدہ مقبول، عمر قریشی، منیجر پلیسمنٹ بیورو اور نیا ٹل کے فیصل ضیانے بھی خطاب کیا۔