لاہور۔5مئی (اے پی پی):چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ عازمین حج سعودی قوانین کی پاسداری کریں،عازمین حج اپنی دعائوں میں فلسطین اور کشمیرکے مظلوم مسلمانوں کو یاد رکھیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو مقامی ہوٹل میں حجاج کرام کیلئے تربیتی کیمپ سے خطاب کرتے ہو ئے کیا۔اس موقع پر طواف گلوبل سروسز کے ڈائریکٹرزامیتاز الرحمان ،شاہد محمود انور،جج آرگنائزرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے عہدیداروں اورعازمین حج سمیت دیگر شرکاء کی بڑی تعداد موجود تھی۔ آرگنائزر اور علما کرام نے حجاج کرام کو مناسک حج کے بارے میں آگاہی دی۔
حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہاکہ آپ لوگ بہت خوش قسمت ہیں کہ اللہ تعالی نے آپ کو اپنے گھر میں بلایا ہے ،حجاج کرام اللہ کے مہمان ہوتے ہیں، اللہ تعالی نے قرآن پاک میں فرمایا ہے کہ جس کے پاس استطاعت ہے وہ حج ضرورکرے اور جس نے استطاعت رکھنے کے باوجود حج نہ کیا اورکوئی بہانہ کرتا رہا تو دراصل وہ اللہ کے حکم کا انکار کر رہا ہے،اللہ تعالی نے قرآن مجید میں فرمایا کہ ناشکری کرنے والوں کیلئے اس کے ہاں بہت بڑا عذاب ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حج آپ کے گناہوں کی بخشش کا بہترین ذریعہ ہے، اس دوران عازمین حج اپنے موبائل اور اس سے تصویر بنانے سے پرہیز کریں جو ان کی عبادت میں رکاوٹ کا باعث بنتے ہیں جبکہ اونچی آواز میں موبائل پرویڈیو بنانے سے روضہ رسول ﷺکی گستاخی ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حرم پاک میں سیلفی بنانا،نسوار اور کھانا کھانا جرم قرار دیدیا گیا ہے، بعض لوگ حرم شریف اور مدینہ منورہ میں پرچم اٹھاتے اور تصاویر بناتے ہیں جو غیر شرعی عمل ہے۔ طاہر اشرفی نے کہا کہ آپ لوگ اس پاک ہستی کے دروازے کے سامنے کھڑے ہوتے ہیں جن کیلئے اللہ تعالی نے پوری کائنات بنائی ہے، وہاں صرف عبادت کریں سیاست نہ کریں ۔ انہوں نے کہا کہ عازمین حج غیر رجسٹرڈ اور سوشل میڈیا کے ذریعے بکنگ نہ کرائیں، بیت اللہ میں کسی قسم کے سیاسی اور فرقہ وارانہ عمل کی اجازت نہیں،عازمین حج کے دوران سعودی عرب کے قوانین کی پاسداری کریں اورکوئی ایسا کام نہ کریں جوملک کیلئے شرمندگی کا باعث بنے ،
اس طرح کے عوامل سے پاکستان کی ساکھ کو نقصان پہنچتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر سے ہر سال تیس لاکھ افراد حج کی سعادت حاصل کرنے کیلئے سعودی عرب جاتے ہیں اگر ہر کوئی اپنی جماعت کا پرچم لے کر آئے تو اس سے سعودی حکومت کو بہت سے مسائل کا سامنا کرنا پڑے گا ،اللہ تعالی فرماتے ہیں کہ میرے گھر میں اپنے معاملات سے الگ ہو کر آئو۔طاہر اشرفی نے مزید کہا کہ اس سال کراچی اور اسلام آ باد سے بھی روڈ ٹو مکہ پروگرام کے تحت 24 ہزار عازمین حج سعودی عرب جائیں گے،پاکستان سے سرکاری عازمین حج کی پہلی پرواز 9 مئی کو سعودی عرب روانہ ہوگی ۔ آ خر میں انہوں نے عازمین حج سے درخواست کی کہ وہ حج کے دوران اپنی دعائوں میں فلسطین اور کشمیرکے مظلوم مسلمانوں کو ضرور یاد رکھیں۔