مکہ مکرمہ ۔23جون (اے پی پی):فریضہ حج کی ادائیگی کے لئے دنیا بھر سے آنے والے عازمین حج نے مدینہ منورہ اورمکہ مکرمہ میں سعودی حکومت کی طرف سے فراہم کی جانےوالی رہائش، خوراک اور سفر کی بہترین سہولیات کو سراہا ہے۔
رواں سال 1444 ھ میں پاکستان سمیت مختلف ممالک سے 30 لاکھ سےزیادہ فرزندان توحید فریضہ حج ادا کریں گے۔ سعودی حکومت کے جنرل ڈائریکٹوریٹ آف پاسپورٹ کے مطابق جمعرات تک 14لاکھ سے زیادہ عازمین حج فضائی ، بری اور بحری راستوں سے حجاز مقدس پہنچ چکے ہیں۔
پاکستان سے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے روٹ ٹو مکہ پراجیکٹ کے تحت 26 ہزار سے زائد عازمین حج حجاز مقدس پہنچے ہیں جنہیں سعودی عرب کی حکومت اور پاکستان کے درمیان ہونے والے معاہدے کے تحت امیگریشن سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا گیاہے ۔
سعودی حکومت نے روٹ ٹو مکہ پراجیکٹ کےتحت مختلف دیگر ممالک کے عازمین حج کو بھی سہولیات اور تعاون فراہم کیا ہے جس سے انہیں حجاز مقدس پہنچنے میں کسی قسم کی دقت پیش نہیں آئی۔
عازمین حج نے سعودی عرب کے فرمانرواں اور خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور وزیراعظم و ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی طرف سے عازمین حج کی میزبانی اور انہیں سہولیات فراہم کرنے کو بھرپور انداز میں سراہا اور خراج تحسین پیش کیا ہے، جن کی وجہ سے عازمین حج کو مدینہ منورہ اورمکہ مکرمہ میں ہر قسم کا تعاون ، رہنمائی کی سہولت مہیا کی جا رہی ہے۔
پاکستان کے عازمین نے بالخصوص پاکستان اور سعودی عرب کے برادرانہ ، دوستانہ اور قریبی دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے اور ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کے عوام کے ساتھ کھڑا ہونے ، اظہار یکجہتی اور تعاون پر شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور شہزادہ محمد بن سلمان سے اظہار تشکر کیاہے۔