اسلام آباد۔31مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے پاکستانی عازمین حج کی رہائش گاہوں کے دور ے کا مقصد حج انتظامات سے متعلق فیڈ بیک کا حصول تھا، عازمین حج نے وفاقی وزیر کو اپنے درمیان دیکھ کر مسرت کا اظہار کیا۔ سردار محمد یوسف نے عازمین حج کو فراہم کردہ سہولیات کا معائنہ کیا اور ان کی خیریت دریافت کی۔بہت سے زائرین نے وفاقی وزیر کے ساتھ تصاویر اور سیلفیز لیں۔ انہوں نے رواں سال حج انتظامات کے حوالہ سے حکومت کی کوششوں کو سراہا۔
وفاقی وزیر نے حاجیوں کے کھانے کے ہالز اور کچن کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے عازمین حج کے ساتھ بیٹھ کر کھانا بھی تناول کیا۔ عازمین حج نے مجموعی طور پر اظہار تشکر کیا اور حکومت کے انتظامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سال حج آرگنائزیشن اور عملے کی کارکردگی گزشتہ سالوں کے مقابلے میں مثالی رہی ہے۔
سردار محمد یوسف نے عازمین حج کو یقین دلایا کہ پاکستان حج مشن منیٰ اور عرفات میں مسلسل معاونت اور ضروری سہولیات فراہم کرنے کے لیے تندہی سے کام کر رہا ہے۔منیٰ میں عازمین کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے حوالے سے انہوں نے عازمین کو بتایا کہ روایتی گدوں کو صوفہ کم بیڈز سے بدل دیا گیا ہے، اپ گریڈ شدہ خیموں میں جپسم بورڈ کی دیواریں لگائی گئی ہیں اور موجودہ ایئر کولرز کے ساتھ ایئرکنڈیشنر بھی نصب کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عازمین کی سہولت کے لیے سامان رکھنے کے لیے ایلیویٹڈ ریک بھی فراہم کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ رواں سال منیٰ میں حجاج کو وزانہ پانچ وقت کا کھانا ملے گا جس میں تین کھانے تازہ تیار شدہ جبکہ دو پہلے سے پہک سدہ ہوں گے۔
مزید برآں سردار محمد یوسف نے پاکستانی حج اسسٹنٹس اور پیرا میڈیکل سٹاف کی موجودگی پر زور دیا جو مقدس مقامات پر عازمین کی معاونت اور ان کی ضروریات کی تکمیل کو یقینی بنائیں گے۔انہوں نے حجاج کرام پر زور دیا کہ وہ اپنے مقدس سفر کی روحانی اہمیت کے تحت امت مسلمہ، اپنے وطن پاکستان اور وزارت کو اپنی خصوصی دعاؤں میں یاد رکھیں۔