عازمین حج کو بہترین خدمات کی فراہمی بینکوں کی اولین ترجیح ہونی چاہیے، وفاقی وزیر مذہبی امور کابینک افسران کے تربیتی سیشن سے خطاب

78
Federal Minister for Religious Affairs
Federal Minister for Religious Affairs

اسلام آباد۔21نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد نےکہا کہ عازمین حج کو بہترین خدمات کی فراہمی بینکوں کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ یہ بات انہوں نے حج 2024 کے لیے درخواستوں کی وصولی کے حوالے سے بینک افسران کے تربیتی سیشن کے افتتاح کے موقع پر کہی۔

حج درخواستوں کی وصولی کے عمل کیلئے وزارت مذہبی امور کی جانب سے نامزد 15بینکوں کے افسران کی جامع تربیت کا آغاز گذشتہ روز کراچی میں ہوا۔ وزیر مذہبی امور انیق احمد نے تربیتی سیشن کے افتتاح کے موقع پر بینک افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عازمین حج کو بہترین سروس کی فراہمی بینکوں کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔

انہوں نے وزارت مذہبی امور کے ساتھ ہمیشہ تعاون کرنے پر بینکوں کا شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ وزارت مذہبی امور نے حج فارم کو عازمین حج کے لیے مزید آسان کر دیا ہے ۔رواں سال عازمین حج کی مزید بہتر خدمت کرنے کیلئے موبائل ایپ متعارف کروا رہے ہیں، جس سے عازمین حج کو مکمل معلومات فراہم کی جاتی رہیں گی۔ موبائل ایپ کی بدولت کوئی حاجی گم نہیں ہو سکے گا۔ ملک بھر کے 15 نامزد بینکوں کی شاخوں میں حج درخواستوں کی وصولی کا آغاز 27 نومبر سے ہو گا۔

انہوں نے سمندر پار پاکستانیوں سے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی مقدس فریضہ کی ادائیگی کیلئے پاکستان سے تشریف لے جائیں۔ سپانسرشپ سکیم میں ڈالرز میں ادائیگی سے بہت ہی باکفایت حج پیکیج حاصل کیا جا سکتا ہے، ہمارے سمندر پار پاکستانی عبادت کے ساتھ ساتھ ریاست کو بھی مضبوط بنائیں اور ڈالرز میں ادائیگی کریں ۔ آپ کی سہولت کیلئے پہلی مرتبہ شارٹ حج پیکیج کا اجرا کیا گیا ہے۔