37.1 C
Islamabad
جمعہ, اپریل 18, 2025
ہومبین الاقوامی خبریںعازمین حج کو گرمی سے محفوظ رکھنے کے سعودی حکومت کے اقدامات...

عازمین حج کو گرمی سے محفوظ رکھنے کے سعودی حکومت کے اقدامات موثر ہیں، کنگ فیصل سپیشلسٹ ہسپتال اینڈ ریسرچ سنٹر کی رپورٹ

- Advertisement -

ریاض۔10جون (اے پی پی):سعودی دارالحکومت ریاض کے کنگ فیصل سپیشلسٹ ہسپتال اینڈ ریسرچ سنٹر ( کے ایف ایس ایچ اینڈ آر سی )میں ریسرچ اینڈ انوویشن سنٹر کی تحقیق نے عازمین کو حج کے دوران زیادہ درجہ حرارت کے اثرات سے محفوظ رکھنے کے لیے اٹھائے گئے حکومتی اقدامات کے موثر ہونے کی توثیق کی ہے۔ ایس پی اے نے کے ایف ایس ایچ اینڈ آر سی کی پریس ریلیز کے حوالے سے بتایا کہ مکہ مکرمہ میں رواں عشرے میں اوسطاً درجہ حرارت میں 0.4 ڈگری سینٹی گریڈ اضافے کے باوجود ہیٹ سٹروک کے کیسز کی تعداد میں 74.6 فیصد اور اموات کی شرح میں 47.6 فیصد کمی دیکھی گئی،

ان مثبت نتائج کو احتیاطی تدابیر کے نفاذ سے منسوب کیا جا سکتا ہے جس سے حجاج کرام کے لیے ایک محفوظ اور صحت مند ماحول فراہم ہواہے۔ جرنل آف ٹریول میڈیسن میں شائع ہونے والی اس تحقیق میں چار دہائیوں کے موسمیاتی ڈیٹا اور مکہ مکرمہ میں حج کے موسم کے دوران گرمی سے متعلق بیماریوں کے ریکارڈ کا جائزہ لیا گیا جس میں بڑھتے ہوئے درجہ حرارت اور اس سے منسلک صحت کے خطرات کے درمیان تعلق کو اجاگر کیا گیا ۔

- Advertisement -

مطالعے کے مطابق سعودی عرب نے حج کے دوران عازمین کے لیے گرمی سے صحت کے خطرات کو کم کرنے کے لیے انفرادی، ڈھانچہ جاتی اور اجتماعی سطح پر کئی اقدامات کیے جن میں کھلی جگہوں پر ہوا کو ٹھنڈا کرنے اور ہجوم کے لیے گرمی کو کم کرنے کے لیے پانی کی پھوار کا استعمال، عازمین کو پانی و چھتری فراہم کرنا اور ایئر کنڈیشنڈ ٹرانسپورٹ کی دستیابی شامل ہیں۔اس کے علاوہ 2010 سے میٹرو لائنیں بھی زیر استعمال ہیں جو آرام دہ اور پرسکون نقل و حمل کی سہولت فراہم کرتی ہیں۔مزید برآں، مملکت نے حجاج اور صحت کی دیکھ بھال کرنے والوں میں گرمی سے متعلق بیماریوں بارے آگاہی بڑھانے، حج کے دوران مفت صحت سہولیات تک رسائی ، معاملات کی نگرانی اور انتظام کو بہتر بنانے پر توجہ مرکوز کی ۔

اس میں وزارت صحت کی طرف سے مقرر کردہ گرمی سے متعلق بیماریوں کے انتظام کے رہنما خطوط کو نافذ کرنا بھی شامل ہے جو ہسپتال میں داخلے سے پہلے اور بعد میں مخصوص طریقہ کار سے آگاہ کرتے ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ اقدامات بہتر نتائج کے لئےحج کے دوران گرمی سے متاثرہ افراد کے کیسز کی فوری شناخت اور علاج کے قابل بناتے ہیں۔ مزید برآں، ماحولیاتی انجینئرنگ کی حکمت عملیوں اور عمارت کے ڈیزائن میں ہوا کی قدرتی آمدورفت کو کو بڑھانے، مقدس مقامات پر گرمی کم کرنے، سایہ دار علاقوں کو بڑھانے اور بھیڑ کو کم کرنے کے لیے مربوط کیا گیا ہے۔ مناسک حج کی ادائیگی کے دوران علاقے میں گرمی سے متعلق خطرات کا مطالعہ کرنے کے لئے حج کا موقع ایک منفرد مائیکرو کازم کا کام دیتا ہے جہاں 180 سے زیادہ ممالک کے لاکھوں عازمین شرکت کرتے ہیں جو انتہائی درجہ حرارت والے صحرائی ماحول میں رسومات ادا کرتے ہیں، یہ پہلو بڑھتے ہوئے عالمی درجہ حرارت پر ردعمل کی منصوبہ بندی اور بہتری کے لیے بہت زیادہ سائنسی قدر رکھتا ہے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=474627

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں