عازمین حج کیلئے تربیتی پروگرام کا دوسرا روز، حج پیسے سے نہیں ،اللہ کے بلاوے سے ہوتا ہے،مقررین

205
عازمین حج کیلئے تربیتی پروگرام کا دوسرا روز، حج پیسے سے نہیں ،اللہ کے بلاوے سے ہوتا ہے،مقررین

لاہور۔20اپریل (اے پی پی):وزارت مذہبی امور وبین المذاہب ہم آہنگی ڈائریکٹوریٹ آف حج لاہور کے زیر اہتمام عازمین حج کیلئے تربیتی پروگرام پنجاب یونیورسٹی نیو کیمپس میں دوسرے روز بھی جاری رہا۔چیف ماسٹر ٹرینر احمد ندیم خان، سیکرٹری ٹریننگ کمیٹی محمد مجاہد، پنجاب یونیورسٹی کے طلبہ، والنٹیئرز، سکائوٹس ودیگر نے پروگرام میں شرکت کی۔

اس موقع پرعمرہ اور مناسکِ حج کے فرائض مفتی محمد احمد نے بیان کئے جبکہ تربیتی پروگرام میں حجاج نے انتہائی دلچسپی کا اظہار کیا۔ عازمین حج کے تربیتی پروگرام سے خطاب کرتے ہو ئے چیف ماسٹر ٹرینر احمد ندیم خان نے کہا کہ حجاج کرام تمام مناسک کی ادائیگی کے دوران اللھم لبیک کثرت سے پڑھیں، مر داونچی آواز اور خواتین دھیمی آواز میں پڑھیں، دوران حج حجاج کرام اپنے ساتھ سامان مختصر اور سفری کاغذات پاس رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ مناسک کی ادائیگی کے دوران حجاج کرام سعودی قوانین پر عمل در آمد کو یقینی بنائیں ،آپ سے ایسا کو ئی فعل سرزد نہ ہو جس سے آپ کو یا ملکی ساکھ کو نقصان پہنچے۔

انہوں نے کہا کہ یہ آپ کی خوش نصیبی ہے کہ اللہ تعالی نے آپ کو پاکستان کی کروڑوں عوام میں سے چنا ہے ، میں آپ کو یقین دلاتاہوں کہ حج پیسے سے نہیں ، اللٰہ کے بلاوے سے ہوتا ہے، اگر آپ لوگ حج کیلئے جا رہے ہیں، تو اس کا مطلب ہے کہ واقعی اللٰہ نے آپ لوگوں کو چن لیا ہے ،اس پر آپ لوگ جتنا بھی فخر کریں، وہ کم ہے ۔

انہوں نے کہا کہ میں اور وزارت مذہبی امور کی طرف سے آپ کو دل کی اتھا ہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں،آپ لوگ اللٰہ تعالی کے فضل سے اس عظیم سفر پر روانہ ہو رہے ہیں، میری دعا ہے کہ آپ سب اچھے طریقے سے تمام مناسب حج ادا کر یںاور خیریت سے پاکستان واپس آ کر اپنے پیاروں سے ملیں۔

احمد ندیم خان نے مزید کہا کہ حدیث میں ہے کہ خانہ کعبہ پر حاجیوں کی جب پہلی نظر پڑتی ہے تو اللٰہ تعالی ان پر بیس رحمتیں نازل کرتا ہے ۔ اس موقع پرحجاج کرام کیلئے منرل واٹر،چائے اور گرین ٹی کا اہتمام بھی کیا گیاتھا۔