ریاض۔26اپریل (اے پی پی):سعودی وزارت حج و عمرہ نے رواں سال عازمین حج کے لیے نسک کا رڈز کی تقسیم کے آغاز سے اب تک ایک لاکھ 50 ہزار کارڈز جاری کیے جا چکے ہیں۔اردو نیوز کے مطابق وزارت حج و عمرہ کی جانب سے نسک کارڈ انتہائی اعلیٰ معیار کے پرنٹنگ کمپنی میں تیار کیے جا رہے ہیں جس میں بہترین سکیورٹی فیچرز ہیں۔رواں سال کے لیے تیار کیے جانے والے نسک کارڈز کی خاصیت یہ ہے کہ گراؤنڈ پر موجود سکیورٹی اہلکاروں کو اس کی جانچ میں آسانی ہو گی۔نسک کارڈ کو مکمل طورپر محفوظ بنایا گیا ہےتاکہ جعل سازی سے بچایا جا سکے۔
کارڈ میں عازم حج کی تمام معلومات موجود ہیں جن میں مکہ مکرمہ ، مدینہ منورہ اور مشاعرمقدسہ (منیٰ، عرفات اور مزدلفہ) کے ایڈریس اور کمپنی کے بارے میں مکمل معلومات و اہم ٹیلی فون نمبر دیے گئے ہیں تاکہ عازم حج کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔بیرون مملکت سے آنے والے عازم حج کو ان کا کارڈ مملکت پہنچتے ہی دیا جاتا ہے جبکہ اندرون مملکت سے داخلی حجاج کے لیے کارڈز حج ایام شروع ہونے سے چند دن قبل دیے جائیں گے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=588153