اسلام آباد۔27دسمبر (اے پی پی):وزارت مذہبی امور نے حج 2025کے سرکاری سکیم کے تمام کامیاب درخواست گزاروں سے کہا ہے کہ وہ ہر قسم کی معلومات اوررہنمائی کےلئے ’’پاک حج 2025‘‘ موبائل ایپ ڈائون لوڈ کریں۔
جمعہ کو وزارت مذہبی امور کے ترجمان نے کہا کہ حج 2025کے تمام عازمین اب گھر بیٹھے حج درخواست نمبر اور شناختی کارڈ نمبرکے ذریعے ’’پاک حج 2025‘‘ موبائل ایپ سے معلومات و رہنمائی حاصل کرسکتے ہیں۔
اس موبائل ایپ کےذریعے انہیں ان کی حج پروازسمیت ہر قسم کی معلومات حاصل کرنے میں آسانی رہے گی اور انہیں اس سلسلے میں وزارت مذہبی امور کے کسی دفتر یا ٹیلی فون سے رجوع کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی تاہم اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی درپیش مشکلا ت کے حل کےلئے وزارت مذہبی امور سے رجوع کیا جاسکتا ہے جہاں پرحج انتظامات سے متعلق عملہ ان کی رہنمائی کےلئے مصرو ف عمل ہے۔