عاشورہ سکیورٹی پلان،اسلام آباد میں پہلی بار موبائل کنٹرول روم قائم

30

اسلام آباد۔4جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی ہدایت پرعاشورہ سکیورٹی پلان کے تحت اسلام آباد میں پہلی بار موبائل کنٹرول روم قائم کر دیا گیا، یہ کنٹرول روم موبائل سگنلز کے بغیر بھی فعال رہنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ وزارت داخلہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ڈرون اور جدید ٹیکنالوجی سے مجالس و جلوسوں کی نگرانی ہو گی-

وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری کا جی سکس میں مرکزی امام بارگاہ اثناء عشری کا دورہ۔وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری بھی ان کے ہمراہ تھے۔ طلال چوہدری اور طارق فضل چوہدری نے امام بارگاہ کے مرکزی ہال کا وزٹ کیا اور سکیورٹی پلان پر عملد رآمد کا تفصیلی جائزہ لیا۔ طلال چوہدری اور طارق فضل چوہدری نے اسلام آباد پولیس کی جانب سے قائم موبائل کنٹرول روم کا بھی معائنہ کیا، طلال چوہدری اور طارق فضل چوہدری نے سکیورٹی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا ۔

وزیر مملکت داخلہ نے کہا کہ سکیورٹی کے لیے 1762 اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے، 4 داخلی راستوں پر 350 ٹریفک اہلکار تعینات ہوں گے۔ طلال چوہدری نے کہا کہ عزاداروں کی سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد کی نگرانی کے لیے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی متحرک ہے۔

طلال چوہدری نے کہا کہ آئی جی اسلام آباد پولیس علی ناصر رضوی نے سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی،9 محرم کو عزادار راولپنڈی سے اسلام آباد، 10 محرم کو اسلام آباد سے راولپنڈی روانہ ہوں گے، سیکٹر وائز سیکیورٹی پلان ترتیب دیا گیا ہے، مجالس اور جلوسوں کے لیے مربوط سکیورٹی کا نظام قائم کیا گیا ہے، بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ رضاکار بھی سکیورٹی اہلکاروں کے ساتھ فرائض انجام دیں گے، جلوس کے راستوں پر سی سی ٹی وی کیمروں سے نگرانی کا مربوط نظام فعال ہے، چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد، ڈی آئی جیز، چیف ٹریفک آفیسر اور ایس پیز بھی اس موقع پر موجود تھے۔