فیصل آباد۔ 02 جولائی (اے پی پی):محرم الحرام کے سلسلہ میں فیصل آباد پولیس نے امن و امان کے قیام کیلئے ضلعی انتظامیہ، پاک فوج،رینجرز کے ہمراہ فلیگ مارچ کا انعقاد کیا ۔ ترجمان پولیس طارق جٹ نے بتایا کےشہریوں اور عزاداروں کو پُرامن اور محفوظ ماحول کی فراہمی اور امن و امان کے قیام کیلئے فیصل آباد پولیس نے ضلعی انتظامیہ، پاک فوج،رینجرز کے ہمراہ فلیگ مارچ کا انعقاد کیا۔
فلیگ مارچ کا مقصد شہریوں میں تحفظ کا احساس پیدا کرنا، امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنا اور سکیورٹی اداروں کے باہمی روابط کو مزید مستحکم کرنا تھا۔فلیگ مارچ پولیس لائن سے روانہ ہو کر چنیوٹ بازار، دھوبی گھاٹ، مرکزی امام بارگاہ،مدینہ ٹاؤن،جڑانوالہ روڈ،سمندری روڈ،غلام محمد آباد،سرگودھا روڈ،اسٹیشن چوک،کچہری بازار،اسٹیشن چوک اور مرکزی جلوسوں کے روٹس سے ہوتا ہوا شہر کے مختلف حساس مقامات سے گزرا۔ فلیگ مارچ کی قیادت سی پی او صاحبزادہ بلال عمر نےڈپٹی کمشنر فیصل آباد کیپٹن (ر) ندیم ناصر کے ہمراہ کی۔
اس موقع پر چیف ٹریفک آفیسر فرحان اسلم، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل کیپٹن (ر) طیب سمیع، پاک فوج اور دیگر سکیورٹی اداروں کے نمائندگان بھی موجود تھے۔ ضلعی انتظامیہ نے محرم الحرام کے دوران عزاداروں کو ہر ممکن سہولت اور سکیورٹی دینے کے لیے تمام تر تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ مرکزی جلوسوں کے راستوں پر صفائی، روشنی، میڈیکل کیمپس اور دیگر سہولیات کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔“کلینک آن وہیل”، ریسکیو 1122، سول ڈیفنس اور لوکل گورنمنٹ کے خصوصی سکواڈ جلوسوں کے ساتھ ہمہ وقت موجود رہیں گے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری نمٹا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ عزاداروں کے لیے سبیلوں، سایہ دار مقامات، عارضی واش رومز اور پانی کی فراہمی کا بھی بھرپور بندوبست کیا گیا ہے۔ عاشورہ محرم الحرام کے سیکیورٹی پلان کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
تمام مرکزی اور ذیلی جلوسوں و مجالس کی نگرانی جدید سی سی ٹی وی کیمروں، ڈرونز اور کنٹرول روم کے ذریعے کی جائیگی۔ انہوں نے واضح کیا کہ شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے اور کسی کو بھی امن و امان میں خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔سی پی او نے بتایا کہ قانون نافذ کرنے والے تمام ادارے الرٹ ہیں اور عاشورہ کے موقع پر فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ اگر کسی بھی شخص یا گروہ نے صورتحال کو خراب کرنے کی کوشش کی تو اس کے خلاف فوری اور سخت ترین قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع قریبی تھانے یا ضلعی کنٹرول روم کو دیں، تاکہ امن و امان کے قیام میں عوام کا کردار بھی نمایاں ہو۔