عالمی ادارہ برائے خوراک و زراعت (ایف اے او) ٹیم کا ضلع مہمند کا دورہ

257
Khyber Pakhtunkhwa
Khyber Pakhtunkhwa

پشاور۔ 07 اکتوبر (اے پی پی):خیبرپختونخوا کے ضم اضلاع میں زراعت کی ترقی کیلئے سرگرم عالمی ادارہ برائے خوراک و زراعت (ایف اے او) کی ٹیم نے ضلع مہمند کا دورہ کیا اور وہاں پر انبار اور ترکی کلے میں زرعی اجناس کی پیداوار بڑھانے کیلئے ادارے کے تعاون سے شروع کردہ سکیموں کا معائنہ کیا،ٹیم کی سربراہی ایف اے او کی نمائندہ ڈاکٹرعمارہ سید کررہی تھیں جبکہ ان کے ساتھ انجینئرفواد خان، فیلڈ فیسیلیٹیٹر ضیاء الرحمان اور فیمیل فیسیلیٹیٹرناصرہ بیگم بھی ہمراہ تھے،

اس موقع پرزمینداروں نے ایف اے او کی کاوش کو سراہا اور کہاکہ اس ادارے کی کوششوں سے ضلع مہمند کے زمینداروں کو فصل کی پیداوار بڑھانے میں کافی مدد ملے گی اور فصل کی پیداوارمیں اضافے کے ساتھ ساتھ زمیندارطبقے کی معاشی حالت بھی بہتر ہوجائیگی،ایف اے او کی نمائندہ ڈاکٹرعمارہ سید نے اس موقع پر زمینداروں کو یقین دلایا کہ ضم اضلاع میں زرعی شعبے کی ترقی کے لئے صوبائی حکومت کے ساتھ ہر ممکن تعاون کر رہے ہیں انھوں نے کہا کہ یہاں پر زرعی شعبہ سے متعلق زمینداروں کو جدید زرعی تربیت فراہم کی جائے گی تاکہ وہ زراعت کے شعبے میں جدید سائنسی طریقوں سے روشناس ہوسکیں،بعد ازاں ایف اے او کی ٹیم نے زمینداروں میں زرعی ادویات اور کھاد بھی تقسیم کی۔