عالمی ادارہ برائے خوراک کا یمن کے لئے خوراک کی امداد دوگنا کرنے کا امکان

73

جنیوا۔ 9 نومبر (اے پی پی) اقوام متحدہ کے ادارہ برائے خوراک (ڈبلیو ایف پی) نے کہا ہے کہ عالمی ادارہ یمن میں 14 ملین افراد کے لئے خوراک کی امداد تقریباً دوگنا کرنے کا ارادہ رکھتا ہے جہاں نصف آبادی جنگ زدہ ہو چکی ہے اور خوراک کے بدترین بحران کی گرفت میں ہے۔عالمی ادارہ برائے خوراک کے ترجمان ہرو ورہوسل نے جنیوا میں میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈبلیو ایف پی ہر روز تقریباً 7 سے 8 ملین افراد کو کھانے کی امداد فراہم کر رہا ہے لیکن حالات اتنے بدتر ہو گئے ہیں کہ ادارہ اپنی امداد دوگنا کرنے کا ارادہ کر رہا ہے۔ترجمان نے کہاکہ یمن میں فوری طور پر تشدد اور لڑائی کو روکنے کی ضرورت ہے۔انھوں نے بتایا کہ روزانہ 8 ملین افراد کے کھانے پر ماہانہ 125 ملین ڈالر خرچ آرہا ہے ۔ڈبلیو ایف پی یمن کے لئے خوراک اور غذائیت کے پروگراموں کو بڑھانے چاہتا ہے اور ہماری مالیاتی ضروریات اس کے مطابق بڑھ رہی ہیں۔