عالمی ادارہ صحت نے سعودی عرب کےالخبر کو صحت مند شہر کے طور پر تسلیم کرلیا

97

جنیوا ۔31جولائی (اے پی پی):عالمی ادارہ صحت نے سعودی عرب کے الخبر کو صحت مند شہر کے طور پر تسلیم کرلیا۔ العربیہ کے مطابق سیاحت، تفریح اور صحت کے عالمی معیارات پر پورا اترنے کے بعد سعودی عرب کے الخبر شہر کوعالمی ادارہ صحت کی جانب سے صحت مند شہرکا درجہ دیا گیا ہے۔

مشرقی ریجن کے سکریٹری انجینیرفہد الجبیرنے الخبر گورنری کی عالمی ادارہ صحت سے منظوری حاصل کرنے کی اہمیت پر توجہ دلائی۔انہوں نے خطے میں صحت اور ماحولیاتی معیارات کی فراہمی کی طرف توجہ دلاتے ہوئے کہا کہ الخبرکو ایک صحت مند شہر قرار دینے کا مطلب یہ ہے کہ الخبر صحت کی ممتازحیثیت کو عالمی سطح پر تسلیم کیا گیا ہے۔

انجینیر الجبیر نے نشاندہی کی کہ اس ایکریڈیشن سے الخبر کی اقتصادی، سماجی، سیاحتی اور صحت کی حیثیت میں اضافہ ہوگا۔ تشخیص کے دوران عالمی ادارہ صحت کے وفد کے مثبت تاثر کی طرف اشارہ کرتے ہوئےانہوں نے کہا کہ شہر میں صحت مند ماحول کے متعدد ماڈلز اور مثالیں دیکھنے کو ملتی ہیں جن کی پیروی کی جا سکتی ہے۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ الخبر گورنری میں تمام رہائشی محلوں میں 100 سے زیادہ پارکس اور باغات، 2,250,000 مربع میٹر سے زیادہ کے رقبے پر سبز جگہیں، 47 سے زیادہ کثیر استعمال کے کھیل کے میدان، 20 واک ویز شامل ہیں۔ 52 کلومیٹر سے زیادہ رقبے پر 150,000 سے زیادہ درخت لگائے گئے ہیں۔

الخبر کی میونسپلٹی 15 کلو میٹر کی لمبائی کے ساتھ سائیکل کے لیے مخصوص راستے قائم کرنے کے لیے بھی کام کر رہی ہے۔ معیار زندگی کو کو بہتر بنانے اور الخبر کو صحت مند شہر بنانے کے لیے منصوبوں اور معیارات کو اجاگر کرنے کے لیے کوشاں ہے۔