عالمی ادارہ صحت نے کورونا وائرس کی درمیانی علامات والے مریضوں کے لیے فائزر کی’’ پیکسلووڈ ‘‘ گولیوں کے استعمال کی سفارش کر دی

68
عالمی ادارہ صحت کا کووڈ -19کے انفیکشن میں اضافے بارے تنبیہ جاری

جنیوا۔22اپریل (اے پی پی):عالمی ادارہ صحت نے کورونا وائرس کی درمیانی علامات والے مریضوں کے لیے فائزر کی’’ پیکسلووڈ ‘‘گولیوں کے استعمال کی سفارش کر دی ہے ۔ تاہم ادارے نے اس بات سے خبردار کیا ہے اسے کم اور درمیانی آمدنی والے ممالک کے لیے ویکسین کی غیرمساوی فراہمی پر انتہائی تشویش ہے ۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق عالمی ادارہ صحت کے ماہرین نے طبی جریدے بی ایم جے کو بتایا کہ امریکی ادویات ساز کمپنی فائزر کی گولیاں پیکسلووڈ غیر ویکسین شدہ ، معمر اور کورونا وائرس کے خلاف کمزور قوت مدافعت کے حامل افراد کے لیے بہترین ہے۔

عالمی ادارے نے کہا کہ کورونا وائرس کے خلاف فائزر کی گولیاں درمیانی علامات والے مریضوں کو ہسپتال میں داخلے سے بچائیں گی کیونکہ اس میں دوسری ادویات کے مقابلے میں نقصان پہنچنے کا خطرہ کم ہے۔

نئی دوا کی سفارش 2تجربات کے بعد کی گئی جن میں 3100مریضوں کو پیکسلووڈ گولیاں کھلائی گئیں جس کے باعث ان کے ہسپتال میں داخل ہونے کا خطرہ 85فیصد تک کم ہوا۔ یہ گولیاں 18سال سے زیاد عمر کے افراد استعمال کر سکتے ہیں

تاہم ان میں حاملہ اور دودھ پلانے والی خواتین شامل نہیں ہیں جبکہ یہ گولیاں بیماری سے پیچیدگیوں کے کم خطرے والے مریضوں کو بھی نہیں دی جاسکتیں۔

یہ گولیاں صرف اسی وقت لی جا سکتی ہیں جب کورونا وائرس کی بیماری کا آغاز ہو یعنی کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد فوری طور پر ڈاکٹر کے مشورے سے گولیاں استعمال کریں۔

عالمی ادارہ صحت نے فائزر پر زور دیا ہے کہ وہ کووڈ۔19گولیوں پیکسلووڈ کی قیمت اور فروخت کو زیادہ شفاف بنائے۔