پشاور۔ 09 اکتوبر (اے پی پی):عالمی ادارہ صحت پاکستان نے ڈینگی وبا کے کنٹرول کیلئے محکمہ صحت کا ساتھ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے محکمہ صحت خیبر پختونخوا کو ڈینگی وبا کے سدباب کیلئے ہرممکن مدد فراہم کی جائیگی۔ یہ بات عالمی ادارہ صحت کے نمائندہ برائے پاکستان ڈاکٹر لو دیپنگ نے ڈائریکٹر ویکٹر بارن ڈیزیز خیبر پختونخوا ڈاکٹر فضل سے اسلام آباد میں اپنے دفتر میں ملاقات کے دوران کہی۔
ملاقات کے دوران پختونخوا میں ڈینگی کی بگڑتی صورتحال پر تبادہ خیال ہوا۔ ملاقات کی تفصیلات بتاتے ہوئے ڈاکٹر فضل نے بتایا کہ عالمی ادارہ صحت محکمہ صحت خیبرپختونخوا کو ڈینگی کے سدباب میں ہر ممکن مدد فراہم کرے گا۔ عالمی ادارہ صحت انٹی گریٹڈ ڈیزیز سرویلنس میں ڈینگی مانیٹرنگ کیلئے ڈیش بورڈ قائم کرے گا۔ عالمی ادارہ صحت ڈاکٹرز سمیت دیگر طبی عملے کو ڈینگی کے ایمرجنسی کیس مینجمنٹ پر ہنگامی بنیادوں پر تربیت فراہم کرے گا۔
ڈینگی کیس مینجمنٹ کیلئے تکنیکی معاونت بھی فراہم کی جائیگی۔ ڈائریکٹر ویکٹر کنٹرول پروگرام ڈاکٹر فضل نے بتایا کہ پشاور کے ہائی رسک پانچ یونین کونسلز میں ڈینگی لاروا تلفی میں عالمی ادارہ صحت معاونت فراہم کرے گا۔ عالمی ادارہ صحت ڈینگی شاک سینڈروم مریضوں کیلئے سرکاری ہسپتاوں میں ہائی ڈیپنڈنسی یونٹس قائم کرے گا۔ عالمی ادارہ صحت خیبرمیڈیکل یونیورسٹی میں واقع پبلک ہیلتھ ریفرنس لیب میں ڈینگی سیرو ٹائپنگ کیلئے پی سی آر کٹس بھی فراہم کرے گا۔
عالمی ادارہ صحت انسداد ڈینگی کیلئے فیلڈ میں کام کرنے والے میڈیکل انٹامالوجسٹ کی استعداد کار بڑھانے کیلئے کو جدید خطور پر استوار تربیت دے گا۔ عالمی ادارہ صحت ملیریا اور ڈینگی کی تشخیص کیلئے پانچ پانچ ہزار کٹس بھی مہیا کرے گا۔ عالمی ادارہ صحت لشمینیا سے بچاؤ کیلئے 2 ہزار گلوکنٹائن انجیکشنز بھی فراہم کرے گا۔ ادارہ ڈینگی سپرے کیلئے دو ہینڈ فوگر مشین اور معلومات تعلیمی آگاہی مواد بھی فراہم کرے گا.