جنیوا ۔ 19 مارچ (اے پی پی) عالمی ادارہ صحت کے ایک سینئر عہدیدار نے کورونا وائرس پر غلط لیبل لگانے کے خلاف متنبہ کرتے ہوئے اس بیماری سے لڑنے کے لئے مشترکہ کوششوں کی اپیل کی ہے۔ کورونا کو’چینی وائرس’ قرار دینے کے امریکی سیاستدانوں کے بیانات پر اپنے ردعمل میں عالمی ادارے کے ہیلتھ ایمرجنسی پروگرام کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر مچل ریان نے کہا کہ وائرس کی کوئی سرحد نہیں ہوتی ، وہ نسل اور رنگت کی پرواہ نہیں کرتا اور نہ ہی اسے اس بات سے غرض ہوتی ہے کہ آپ کے بنک اکاؤنٹ میں کتنی رقم موجود ہے۔ جنیوا میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھاکہ ہمیں الفاظ کے استعمال میں محتاط ہونا چاہیے۔ انہوں نے 2009 ء میں ایچ آئی این آئی انفلوئنزا پھیلنے کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ اس وبائی بیماری کی ابتداء شمالی امریکہ میں ہوئی تھی لیکن ہم نے اسے شمالی امریکی فلو نہیں کہا۔ انہوں نے کورونا سے نمٹنے کے لئے یکجہتی اور مشترکہ کوششوں پر زور دیتے ہوئے کہاکہ یہ وقت کسی پر الزام عائد کرنے کا نہیں بلکہ دنیا کو مل کر اس وائرس کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ جان ہاپکنز یونیورسٹی کے سسٹم سائنس اینڈ انجینئرنگ کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق دنیا بھر میں کورونا وائرس کے تصدیق شدہ کیسوں کی تعداد 2 لاکھ 18 ہزار تک پہنچ گئی ہے جبکہ 158 ممالک اس سے متاثر ہیں۔ عالمی ادارہ صحت نے بدھ کو اپنے ٹویٹ میں کہا کہ یہ بیماری دنیا کے لئے چیلنج ہے جو مشترکہ دشمن کے خلاف یکجا ہو کر کام کرنے کا ایک غیر معمولی موقع فراہم کر رہی ہے ۔