عالمی ادارہ صحت کی جانب سے بلوچستان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں میڈیکل کیمپس قائم

352
World Health Organization
World Health Organization

اسلام آباد۔31اگست (اے پی پی):عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی جانب سے بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں میڈیکل کیمپس قائم کئے گئے ہیں، ڈبلیو ایچ او پاکستان کے نمائندہ ڈاکٹرلالیتھا ماہی پالا نے ضلع لسبیلہ کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں قائم میڈیکل ریلیف کیمپ کا دورہ کیا اور عالمی ادارے کے ہیلتھ ایمرجنسی رسپانس پروگرام کے تحت قائم کئے گئے موبائل اور فکسڈ طبی کیمپ کا معائنہ کیا ۔

ڈبلیو ایچ او کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق ادارے نے ایک ہیلتھ کیمپ گوٹھ الیاس جبکہ دوسرا تحصیل لاکھڑا میں قائم کیاہے۔ اس علاقے میں ڈبلیو ایچ او کی صحت کی ٹیمیں سب سے پہلے پہنچیں اور موبائل کیمپ 2 ہفتے تک چلانے کا فیصلہ کیا ۔ڈبلیو ایچ او کی جانب سے بنیادی مرکزصحت سکن میں بھی ایک فکسڈ طبی کیمپ قائم کیا گیا ہے ۔ڈبلیو ایچ او نے کہا کہ تمام میڈیکل کیمپس میں بیماریوں کی تشخیص اورعلاج معالجے کی جدید ترین سہولیات دستیاب ہیں۔

ڈبلیو ایچ او نے کہاکہ میڈیکل کیمپ میں زیادہ تر ملیریا ، جلدی بیماریوں اور پانی کی وجہ سے پیدا ہونے والی بیماریوں کے مریض آرہے ہیں جن کے ٹیسٹ کرنے کے بعد اور بیماری کی تشخیص کے فوراً علاج معالجہ شروع کردیاجاتاہے ۔علاقہ مکینوں نے طبی کیمپوں کے قیام کو خوش آئند قراردیتے ہوئے پینے کے صاف پانی اور پکی ہوئی تیارخوراک کی ضرورت پر زور دیا ۔

ڈبلیو ایچ او نے کہا کہ طبی کیمپوں میں پانی سے پیداہونےوالی بیماریاں ڈائریا، ملیریااور جلد کی بیماریوں کے لئے او پی ڈی سروسز فراہم کی جا رہی ہیں۔ عالمی ادارہ صحت مزید کہاکہ ان کیمپوں میں ماں اور بچے کی صحت، نیوٹریشن ، معمول کی ویکسین اورطبی حوالے سے آگاہ فراہم کرنے کی خدمات دی جارہی ہیں۔ ڈاکٹر پالیتھا ماہی پالا نے کہاکہ سیلاب سے بہت زیادہ مالی اور جانی نقصانات ہوئے ہیں، ہمارے دل آفت سے متاثر ہونےوالے افراد کے ساتھ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم متاثرین سیلاب کو صحت کی سہولیات کی جلد از جلد فراہمی کے لئے ایمرجنسی اقدامات کو مزید تیز کررہے ہیں۔ ان کا کہنا تھاکہ ڈبلیو ایچ او سندھ اور بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں اڑھائی لاکھ مالیت کی ادویات کا عطیہ فراہم کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ڈبلیو ایچ او اور حکومت پاکستان کے اشتراک سے سیلاب سے متاثرہ آبادی کو وبائی امراض کےتحفظ کے لئے ہنگامی بنیادوں پر جامع اقدامات کو یقینی بنا رہا ہے۔