اسلام آباد۔23اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ قیصر احمد شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت تیزی سے بہتر ہو رہی ہے۔بدھ کو ایک نجی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی، زراعت، میری ٹائم، سمندر پار ترسیلات زر، کان کنی اور معدنیات اور بجلی کے شعبے سمیت معیشت کے اہم شعبوں میں سخت محنت کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ترسیلات زر میں تاریخی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جبکہ بجلی کے نرخوں میں کمی کی گئی ہے جس سے عوام کو براہ راست ریلیف ملا ہے۔انہوں نے کہا کہ عالمی مالیاتی اداروں نے پاکستان کی معاشی بہتری کا اعتراف کیا ہے جو اہم اشاریوں میں جاری اصلاحات کی تاثیر اور استحکام کی عکاسی کرتی ہے۔
سیاسی حرکیات سے متعلق ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ پائیدار معاشی ترقی کے لئے سیاسی استحکام ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے اپوزیشن کو بار بار مذاکرات کی پیشکش کی ہے لیکن ان کی جانب سے بھی سنجیدگی کی ضرورت ہے۔ ان کی سیاست افراتفری اور نفرت پر پھلتی پھولتی ہے۔ وہ قومی مسائل پر ایک ساتھ بیٹھنے یا ملک کو اجتماعی طور پر آگے لے جانے کے لئے تیار نہیں ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=586888