اسلام آباد۔15جون (اے پی پی):گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے عالمی اعزازات حاصل کرنے پر ڈاکٹر افشاں ملک کوخراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ جس انداز سے گزشتہ چند روز سے ڈاکٹر افشاں ملک کی کامیابیوں کی تقریبات کا سلسلہ جاری ہے یہ بلاشبہ ہمارے ملک میں خواتین کی کامیابیوں کو سراہنے کا عملی ثبوت ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں پاکستان مسلم لیگ ق کے چیف آرگنائزر، اسلام آباد گروپ کے چیئرمین اور سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر محمد امجدکی میزبانی میں ڈاکٹر افشاں ملک کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے بحثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر محمد امجد کے علاوہ، پاکستان سویٹ ہومز کے سرپرست اعلیٰ زمرد خان، ڈاکٹر افشان ملک اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے خواتین و افراد شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ ڈاکٹر افشان ملک کی کامیابی انکی ان کی بلند ہمتی اور بلند حوصلے کا پیغام دیتی ہیں، انہوں نے کہا ان کے لئے یہ بات انتہائی مسحورکن ہے کہ پہلی مرتبہ کسی خاتون کو خلیفہ بننے کا شرف حاصل ہوا ہے، ڈاکٹر افشاں ملک نے عملی طور پر ثابت کیا کہ حوصلے بلند ہوں تو خواتین زندگی کے ہر میدان میں اپنی کامیابی کا لوہا منوا سکتی ہیں۔۔
انہوں نے کہا کہ بحثیت گورنر خیبر پختونخوا خواتین کی خودمختاری ان کے بنیادی ایجنڈے میں شامل ہے،خیبرپختونخوا صوبہ کی ہونہار، باصلاحیت اور پرعزم خواتین کو گورنر ہاؤس پشاورکی جانب سے مکمل معاونت اور سربراہی میسر ہو رہی ہے،
گورنر خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ ایک عورت کی کامیابی صرف اس تک محدود نہیں ہوتی بلکہ یہ ایک خاندان کی کامیابی ہوتی ہے اور جب خاندان خوشحال ہوں تو معاشرہ خوشحال ہوتا ہے اور معاشرتی خوشحالی ملک و قوم کی مجموعی ترقی و خوشحالی کا سبب بنتی ہے، انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ڈاکٹر افشاں اپنے ساتھ دوسری خواتین کو بھی ترقی کے اس سفر میں اپنے ساتھ شامل کریں گی۔