عالمی انجمن خدام الدین کی مجلس شوری کا اجلاس، امروٹ شریف میں عالمی روحانی اجتماع کے انعقاد کا فیصلہ

75
اقوام متحدہ اور انسانی ہمدردی کے شراکت داروں کی دنیا بھر میں 114 ملین افراد کی زندگیوں کو بچانے کے لئے ہنگامی امداد کی اپیل

لاہور۔24فروری (اے پی پی):عالمی انجمن خدام الدین کی مرکزی مجلس شوری کا ایک اہم اجلاس مرکزی امیر مولانا میاں محمد اجمل قادری کی زیر صدارت پیر کویہاں جامعہ قاسم العلوم شیرانوالہ گیٹ لاہور منعقد ہوا جس میں چاروں صوبوں، گلگت و بلتستان اور آزاد کشمیرسمیت ملک بھر سے عہدیداران و نمائندوں نے شر کت کی۔

اجلاس میں تنظیمی و ملکی صورت حال اور دیگر امور کے بارے میں تفصیلی غوروخوض کے بعد جمعیت علما اسلام نظریاتی کے ساتھ لاتعلقی کا فیصلہ کیا گیا کہ اب عالمی انجمن خدام الدین کے مرکزی ناظم مولانا مفتی احمد علی ثانی اور مرکزی ناظم اعلی مولانا ڈاکٹرمحمداکمل قادری سمیت کسی بھی عہدیدار کا جمعیت علما اسلام پاکستان نظریاتی کے ساتھ کسی بھی قسم کا کوئی تعلق نہیں ہے ۔

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ عالمی انجمن خدام الدین کے زیر اہتمام 25 اپریل بروز جمعة المبارک امروٹ شریف ضلع شکارپور سندھ میں عظیم الشان روحانی اجتماع منعقد کیا جائے گا جس کی صدرات پاکستان مسلم لیگ(فنگشنل) کے سربراہ پیر آف پگاڑا کریں گے ۔روحانی اجتماع میں چاروں صوبوں سمیت ملک بھر سے مرکزی خانقاہوں کے سجادہ نشین اور قائدین شرکت کریں گے۔

اس روحانی اجتماع کے مہمان خصوصی جمعیت علما اسلام پاکستان کے سربراہ مولانا فضل الرحمن اورانعام اللہ راشدی(پیر آف جھنڈہ) ہوں گے۔ مرکزی مجلس شوری کے اجلاس میں مولانا محمد طاہر (سجادہ نشین تھریچانی شریف) مولانا مفتی احمد علی ثانی، مولانا عمیر عبدالہادی قادری، مولانا مفتی محمدریاض جمیل، مولانا میاں عرفان الحق اور مولانا صدام حسین،قاری میاں محمد عظیم ریاض انور سمیت دیگر نے شرکت کی۔