اسلام آباد۔28ستمبر (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے توقع ظاہر کی ہے کہ ہمیں توقع ہے کہ برطانیہ، نہتے کشمیریوں کو بھارتی استبداد سے نجات دلانے اور ان کے جائز حق "حق خود ارادیت” کے حصول کی4لئے اپنا موثر کردار ادا کریگا۔عالمی برادری، افغانستان کو انسانی بحران سے بچانے کیلئے ان کی انسانی و معاشی معاونت کو یقینی بنائے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے منگل کو لندن میں اپنے برطانوی ہم منصب ا لِزبتھ ٹرس سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پاک ۔ برطانیہ دو طرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ اور علاقائی سلامتی سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے برطانوی وزیر خارجہ کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دو طرفہ تعلقات کے استحکام کیلئے، برطانوی ہم منصب کے ساتھ مل کر کام کرنے کا عندیہ دیا تاکہ دو طرفہ اسٹریٹیجک تعلقات کو اگلے مرحلے تک لے جانے کیلئے مشترکہ کوششیں بروئے کار لائی جا سکیں۔
وزیر خارجہ نے برطانوی ہم منصب کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بھارتی مظالم اور خطے کے امن کو درپیش خطرات سے آگاہ کیا اور کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پائمالیوں کے حوالے سے برطانوی پارلیمنٹ میں مباحثے کا انعقاد، قابل تحسین ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہمیں توقع ہے کہ برطانیہ، نہتے کشمیریوں کو بھارتی استبداد سے نجات دلانے اور ان کے جائز حق "حق خود ارادیت” کے حصول کیلئے اپنا موثر کردار ادا کریگا۔
وزیر خارجہ نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں قابض بھارتی افواج کے تین ہزار سے زائد جنگی جرائم کے ٹھوس اور ناقابلِ تردید شواہد پر مبنی دستاویزی ثبوت "ڈوزیئر” برطانوی ہم منصب کو پیش کیا۔دونوں وزرائے خارجہ کے مابین افغانستان کی ابھرتی ہوئی صورتحال پربھی تبادلہ خیال ہوا۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں پاکستان کی اولین ترجیح افغانستان کو پنپتے ہوئے انسانی بحران سے بچانا ہے۔ شاہ محمود قریشی نے پاکستان کی جانب سے، افغان شہریوں کو بھجوائی گئی انسانی امداد اور "انسانی راہداری” کے قیام سے برطانوی وزیر خارجہ کو آگاہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے کابل سے دس ہزار سے زائد غیر ملکی شہریوں کو بحفاظت نکالنے میں معاونت فراہم کی،موجودہ حالات میں ضرورت اس بات کی ہے کہ عالمی برادری ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھتے ہوئے، افغانستان کو تنہا نہ چھوڑے۔
عالمی برادری، افغانستان کو انسانی بحران سے بچانے کیلئے ان کی انسانی و معاشی معاونت کو یقینی بنائے۔وزیر خارجہ نے پاک- برطانیہ، اسٹریٹیجک مذاکرات کے پانچویں جائزہ اجلاس کے حوالے سے برطانوی وزیر خارجہ الزبتھ ٹرس کو دورہ پاکستان کی دعوت دی جسے انہوں نے شکریہ کے ساتھ قبول کیا۔