اسلام آباد۔27اگست (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کینیڈا میں منعقدہ 65 کامن ویلتھ کانفرنس کے موقع پر کینیڈین اراکین پارلیمنٹ سے ملاقاتیں کی ہیں، کینیڈا میں مقیم پاکستانی دونوں ممالک کی عوام کو مزید قریب لانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں،عالمی برادری، اقوام متحدہ، دوست ممالک اور بیرون ملک مقیم پاکستانی پاکستان میں تباہ کن سیلاب سے متاثرہ عوام کی مدد کے لیے کردار ادا کریں۔
قومی اسمبلی کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق کینیڈا کے شہر ہیلی فیکس سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق ہیلی فیکس کینیڈا میں منعقدہ 65 ویں کامن ویلتھ پارلیمانی کانفرنس کے موقع پر سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کینیڈین پارلیمنٹ کی رکن سلمیٰ زاہد اور پبلک اینڈ بزنس سروس ڈیلیوری کے وزیر خالد رشید سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کی ہیں۔ملاقاتوں میں تینوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے پر تبادلہ خیال کیا۔
ملاقاتوں میں دوطرفہ تجارت کو بڑھانے اور عوامی رابطوں کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ پارلیمانی سفارت کاری، کینیڈا کے لیے سفر کرنے والے پاکستانی درخواست دہندگان کو درپیش امیگریشن کے مسائل کو حل کرنے اور پاکستانی طلباء کو ویزوں کے اجراء میں سہولت فراہم کرنے پر بات چیت کی گئی۔ کینیڈین رکن اسمبلی سلمی زاہد اور کینیڈین وزیر خالد رشید نے ویزا اجرا اور امیگریشن کے معاملے میں درپیش مسائل کو حل کرنے کے لیے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کینیڈا میں مقیم پاکستانیوں دونوں ممالک کے مابین دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں ان کے کردار کو سراہا۔
سپیکر نے پاکستان میں تباہ کن سیلاب متاثرین کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے حکومت پاکستان کے اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے پاکستانی تارکین وطن پر زور دیا کہ وہ اس مشکل گھڑی میں اپنے پاکستانی بھائیوں کی مدد کے لیے آگے بڑھیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے چاروں کی عوام کو تاریخ کے بدترین سیلاب کا سامنا ہے۔انہوں نے کہا کہ تباہ کن سیلاب کی وجہ سیکڑوں قیمتی انسانی جانوں کا نقصان ہو چکا ہے، کھربوں روپے کی املاک اور انفراسٹرکچر سمیت لاکھوں کی تعداد میں زندہ جانور اور مویشیاں پانی بہہ چکے ہیں، کروڑوں ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہی ہو چکی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں شدید بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات کی وجہ سے عوام کو غذائی قلت کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔انہوں نے اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ پاکستان کے سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے کردار ادا کریں۔انہوں نے تمام سیاسی قیادت اور مخیر حضرات سے اپیل کی ہے کہ وہ سیاسی اختلافات کو بھلا کر مشکل کی اس گھڑی میں سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے ملکر کر اقدامات اٹھائیں۔