عالمی برادری انسانیت کے ناطے ترکیہ و شام کے زلزلہ متاثرین کی دل کھول کر امداد کرے، عبدالخبیر آزاد

161
دنیا کی تمام مشکلات اور مسائل کا حل سیرت نبویﷺ کی پیروی میں ہے، مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد

لاہور۔17فروری (اے پی پی):چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان/ خطیب وامام بادشاہی مسجد لاہور مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے کہا ہے کہ عالمی برادری انسانیت کے ناطے ترکیہ و شام کے زلزلہ متاثرین کی دل کھول کر امداد کرے،عالم اسلام کو چاہیے کہ دکھ کی اس گھڑی میں اپنے مسلمان بہن بھائیوں کی مدد کا ذریعہ بنیں،اس وقت ترکیہ و شام میں حالیہ زلزلہ سے ہزاروں لوگوں کی اموات سے عالم اسلام میں غم کی فضا ہے،آئیں ہم سب دکھ کی اس گھڑی میں اپنے مسلمان بہن بھائیوں کا ہاتھ تھامیں اور ان کی مدد کا ذریعہ بنیں۔

عالمگیری بادشاہی مسجد لاہور میں مجلس علما پاکستان کے زیر اہتمام ترکیہ وشام کے زلزلہ متاثرین کے ساتھ اظہار یکجہتی و یو م دعا کے موقع پر جمعتہ المبارک کے اجتماع سے خطاب کرتے ہو ئے مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ ا سلام ہمیں محبت،اخوت،یکجہتی،رواداری،بھائی چارے اوردکھی انسانیت کی خدمت کا درس دیتا ہے، مخلوق خدا کی خدمت عین عبادت ہے انسانیت کی خدمت کرنا خدا کی خوشنودی کا ذریعہ ہے،نبی کریمﷺ ۖ نے فرمایا کہ تم میں بہترین انسان وہ ہے جو دوسرے انسانوں کو نفع پہنچائے۔

مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ ترکیہ و شام میں حالیہ زلزلہ کی وجہ سے لاکھوں افراد اور ہزاروں خاندان مشکلات کا شکار ہیں اورکھلے آسمان تلے بیٹھے ہیں جو ہماری امداد کے منتظر ہیں،تمام امت مسلمہ اور پاکستانی عوام آزمائش کی اس گھڑی میں اپنے مسلمان بھائیوں سے دل کھول کر تعاون کریں،اللہ تعالی کے راستے میں خرچ کرنے اور مخلوق خدا کی خدمت کرنے کا بڑا اجر و ثواب ہے،سخاوت کرنے والا اللہ کا دوست ہے۔

انہوں نے کہاکہ برادر ملک ترکیہ نے ہرمشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے،حکومت پاکستان نے ترکیہ و شام کے زلزلہ متاثرین کے لیے جو اقدامات کیے ہیں وہ لائق تحسین ہیں،آج حکومت پاکستان،تمام علما کرام اور پاکستانی عوام آفت کی اس گھڑی میں برادر ممالک ترکیہ و شام کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کے دکھ درد میں برابر کے شریک ہیں،ہم اللہ تعالی سے دعا گو ہیں کہ اللہ تعالی ترکیہ و شام میں زلزلہ سے ہزاروں جاں بحق ہونے والے افرادکی مغفرت فرمائے اور لواحقین اور ان کے خاندانوں کو صبروجمیل عطا فرمائے،

ہزاروں زخمی لوگ جو اس وقت ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں ان کو اللہ تعالی صحت کاملہ و عاجلہ عطا فرمائے،نماز جمعةالمبارک کے بعد ملکی سلامتی،ترقی و خوشحالی،استحکام پاکستان،عالم اسلام کے اتحاد،حرمین شریفین کے تحفظ،کشمیر و فلسطین کی آزادی اور ترکیہ و شام میں حالیہ زلزلہ میں جاں بحق ہو نے والوں کی مغفرت اور بلندی درجات اور ہزاروں زخمیوں کی صحت یابی کے لیے اجتماعی دعا کی گئی۔