اسلام آباد۔1دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق و ترقی نسواں مشعال حسین ملک نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ بھارت کے اندر اقلیتوں کے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک خاص طور پر مسیحی اور دیگر اقلیتوں کی آر ایس ایس کے نظریے کے تحت جبری تبدیلی مذہب کا نوٹس لے ۔
عالمی برادری انسانی حقوق کی بین الاقوامی ذمہ داریوں کو پورا کرے اور جموں و کشمیر پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں پر عمل درآمد میں مدد کرے۔انہوں نے یہ بات ورچوئل پلیٹ فارم کے ذریعے جموں و کشمیر کے بارے میں لندن چیئرپرسن اے پی پی جی، ڈیبی ابراہمز (ممبر پارلیمنٹ) کی طرف سے بلائے گئے کراس پارٹی برٹش پارلیمنٹرینز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں برطانوی پارلیمنٹیرینز کے علاوہ سول سوسائٹی اور انسانی حقوق کی تنظیموں کے ارکان نے بھی اس مباحثے میں حصہ لیا۔ مباحثہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کے معاملات سے متعلق تھا۔
جمعہ کو جاری پریس ریلیز کے مطابق مشعال ملک نے ارکان پارلیمنٹ کو بھارتی حکومت کی طرف سے غیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموں و کشمیر (IIOJK) میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے خاص طور پر مقبوضہ کشمیر میں خواتین اور بچوں کے ساتھ انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا مسئلہ اٹھایا۔ مشعال حسین ملک نے کہا کہ کشمیریوں کو بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر کی آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کی کوششوں پر گہری تشویش ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا گزشتہ 75 سالوں سے اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر موجود جموں و کشمیر کے تنازع کے حل پر خاطر خواہ توجہ نہیں دے رہی ہے۔
انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ انسانی حقوق کی بین الاقوامی ذمہ داریوں کو پورا کرے اور جموں و کشمیر پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں پر عمل درآمد میں مدد کرے۔ انہوں نے برطانوی پارلیمنٹیرینز پر زور دیا کہ بھارت کی جانب سے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں آبادی کے تناسب میں تبدیلی کے غیر قانونی عمل اور ظالمانہ کالے قوانین کے استعمال کو روکنے میں اپنا کردار زیادہ فعال طریقے سے ادا کریں۔مشعال ملک نے کہا کہ ان کے شوہر اور جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ (جے کے ایل ایف) کے چیئرمین یاسین ملک ایک سیاسی قیدی ہیں جوبرسوں سے بھارت کی تہاڑ جیل میں قید ہیں۔
ان کی جواں سال بیٹی اپنے ہی والد سے ملاقات کرنے سے محروم ہے ۔ انہوں نےکہا کہ وہ یاسین ملک کی صحت اور تندرستی کے بارے میں سخت فکر مند رہتی ہیں۔ مشعال ملک نے یاسین ملک کی اگلے ماہ کے اوائل میں سماعت کے لیے مقرر کردہ اپیل پر سزائے موت سنائی جانے کا خدشہ ظاہر کیا۔ انہوں نے برطانوی پارلیمنٹیرینز سے اپیل کی کہ وہ اس ناانصافی پر اپنی تشویش کا اظہار کریں۔ معاون خصوصی مشعال حسین ملک نے اے پی پی جی کشمیر فورم کے ذریعے برطانوی پارلیمنٹرینز اور انسانی حقوق کے کارکنوں سے بات کرنے کا موقع فراہم کرنے اور مظلوم کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنے پر شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=415569