عالمی برادری بھارت کو 2019کے غیر قانونی اقدامات واپس لینے پر مجبور کرے، مشعال ملک

91
کشمیری عوام بھارتی تسلط سے آزادی حاصل کرنے کے لئے منصفانہ جدوجہد جاری رکھیں گے، مشعال حسین ملک

اسلام آباد۔5اگست (اے پی پی):پیس اینڈکلچر آرگنائزیشن کی چیئرمین اور غیر قانونی طور پر نظر بند کشمیری حریت رہنما محمد یاسین ملک کی اہلیہ مشعال حسین ملک نے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں بھارتی مظالم کا نوٹس لے اور بھارت کو 5اگست 2019کے غیر قانونی اقدامات واپس لینے پر مجبور کرے۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مشعال حسین نے یوم استحصال کشمیر کے سلسلے میں ایک نجی ٹیلی ویژن چینل سے گفتگو میں کہا کہ کشمیری بھارتی تسلط سے ایک دن ضرور آزاد ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل نہیں ہوتا، علاقائی امن ایک خواب ہی رہے گا۔انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کے کشمیریوں نے آج بھارت کے خلاف اپنا احتجاج درج کرایا ہے اور یہ باور کرایا کہ وہ اپنے وطن پر بھارت کے غیر قانونی قبضے کو کبھی بھی قبول نہیں کریں گے۔

انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ آگے آئے اور کشمیر یوں کی جائز جدوجہد کی حمایت اور مسئلہ کشمیر کو حل کرنے میں کردار ادا کرے۔مشعال ملک نے کہا کہ مودی حکومت دنیا کی توجہ اصل مسئلے سے ہٹانے اورمقبوضہ جموںوکشمیر کے چونکا دینے والے زمینی حقائق کو چھپانے کی کوشش کر رہی ہے ۔ وہ کشمیر کے حوالے سے اپنا من گھڑت بیانیہ پیش کر رہی ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ کشمیری گزشتہ چار سالوں سے بے انتہا بھارتی مظالم کا سامنا کر رہے ہیں۔