عالمی برادری بھارت کی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو روکنے کے لیے دبائو ڈالے ، وفاقی وزیر قانون احمد عرفان اسلم

55
احمد عرفان اسلم

اسلام آباد۔26اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر قانون احمد عرفان اسلم نے کشمیر کے مسئلہ کے حل کے لیے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کرنے پر زور دیا ۔کشمیرکے یوم سیاہ کے موقع پر وفاقی وزیر قانون نے اپنے پیغام میں کہا کہ یوم سیاہ ہمیں اس دن کی یاد دلاتا ہے جب 1947 میں بھارتی افواج نے غیرقانونی طور پر سرینگر میں اتر کر معصوم لوگوں پر قبضے، محکومی اور جبر کے ایک باب کا آغاز کیا۔ بھارت مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کے انسانی حقوق کی سالوں سے خلاف ورزی کر رہا ہے ۔

ہر سال یوم سیاہ اس لئے منایا جاتا ہے تاکہ بھارت کے غیرقانونی قبضے کے خلاف احتجاج کیا جا سکے اور عالمی برادری کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل (یو این ایس سی) کی قراردادوں پر عملدرآمد کے حوالے سے اس کے وعدوں کی یاد دہانی کرائی جائے جو کشمیریوں کے استصواب رائے کے حق کی حمایت کرتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نہ صرف انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہا ہے بلکہ جابرانہ قوانین منظور کروا کر کشمیریوں کی زمین اور جائیدادوں پر قبضہ بھی کر رہا ہے۔ وزیر قانون نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ عالمی برادری بھارت پر انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو روکنے کے لیے دبائو ڈالے ۔ وزیر قانون نے کشمیر کے مسئلہ کے حل کے لیے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کرنے پر زور دیا ۔