سرینگر ۔ 22 ستمبر (اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ دنیا میں پائیدار امن کو یقینی بنانے کے لیے کشمیر اور فلسطین سمیت تمام تنازعات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے اقدامات کرے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں اس وقت انسانی آبادی کو حقیقی امن کی اشد ضرورت ہے اور امن اس وقت تک قائم نہیں ہوسکتا جب تک انسانی حقوق کے حولے سے مساوات اور عدل و انصاف سے کام نہ لیا جائے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سید علی گیلانی نے ”عالمی یومِ امن“ کے موقع پر سرینگر میں جاری اپنے ایک بیان میں انسانی برادری کو درپیش قتل وغارت اور ظلم وستم کی موجودہ حالت ِ زار پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گو کہ اس وقت انسان سائنسی ترقی کے نئے اور ناقابل تصور منازل طے کر چکا ہے لیکن دینا پرستی اور م مغرور یت کے سبب اس کے ظالمانہ اور جابرانہ ہاتھوں سے ہر طرف انسانی خون کے دریا بہہ رہے ہیں۔