22.6 C
Islamabad
پیر, ستمبر 1, 2025
ہومقومی خبریںعالمی برادری سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو ان کا...

عالمی برادری سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دلانے کے لیے کردارادا کرے ،پاکستان

- Advertisement -

نیویارک۔28اکتوبر (اے پی پی):نیویارک میں پاکستانی قونصل جنرل احمد اتوزئی نے کہا ہے کہ ہمارا ملک کشمیریوں کے حق خود ارادی کی حمایت جاری رکھے گا،عالمی برادری اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو یہ حق دلانے کے لیے اپنا کردارادا کرے ۔یہ بات انہوں نے پاکستانی قونصلیٹ میں ریاست جموں و کشمیر پر بھارتی قبضے کو 77 سال مکمل ہونے کے موقع پر یوم سیاہ کشمیر کے حوالے سے تقریب سے خطاب کے دوران کہی۔

اس موقع پر کشمیری کارکنوں اور کمیونٹی ممبران کی بڑی تعداد موجود تھی۔ہر سال دنیا بھر میں 27 اکتوبر کو یوم سیاہ کشمیر کے طور پر منایا جاتا ہے جب بھارت نے27 اکتوبر 1947 کو بغیر کسی قانونی جواز کے اپنی فوجیں ریاست جموں و کشمیر میں بھیج کر اس پر زبردستی قبضہ کر لیا تھا۔ پاکستانی قونصل جنرل نے کہا کہ یوم سیاہ کشمیر بھارت کے 77 سال سے جاری قبضے کے تحت کشمیری عوام کو درپیش جبر اور چیلنجز کی یاد دہانی ہے۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے 5 اگست 2019 کو آرٹیکل 370 کی غیر قانونی منسوخی کے اقدام سے کرفیو اور انٹرنیٹ بلیک آؤٹ کی صورتحال کا سامنا ہے اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں اضافہ ہوا ہے۔قونصل جنرل نے کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے لیے پاکستان کی مستقل حمایت کا بھی اعادہ کیا اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے تحت اقدامات کرے۔

تقریب میں ایک وڈیو پریزنٹیشن بھی شامل تھی جس میں بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو اجاگر کیاگیا ۔ کشمیری عوام کی مشکلات کو اجاگر کرنے کے لیے تصویری نمائش بھی منعقد کی گئی۔آزاد کشمیر قانون ساز کونسل کے سابق رکن سردار سوار خان نے خطے کو متاثر کرنے والےسیاسی اقدامات بارے بات کی۔ امریکا میں کشمیر مشن کے وائس چیئرمین سردار تاج خان نے عالمی برادری کو کشمیر کی سنگین صورتحال سے آگاہ کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔

سول سوسائٹی کی رکن تاشفین قیوم نے خطے میں انسانی بحران پر روشنی ڈالی۔مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندوں نے بھی کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ، انہوں نے خطے میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر روشنی ڈالی اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارتی فورسز کی طرف سے جموں و کشمیر میں پیدا کی گئی دہشت گردی کی فضا کا نوٹس لے ۔

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں