بیجنگ۔20نومبر (اے پی پی):چین نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ غزہ میں رونما ہونے والے انسانی المیے کو روکنے کے لیے فوری اقدامات کرے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق چینی وزیر خارجہ وانگ یی نےدارالحکومت بیجنگ میں رواں ہفتے اسرائیل فلسطین کی صورتحال پر بات چیت کے لیے دورے پر آئے فلسطین، انڈونیشیا،مصر، سعودی عرب اور اردن کے وزرائے خارجہ کو اپنے ابتدائی کلمات میں کہا کہ ہمیں غزہ کی صورتحال کو فوری معمول پر لانے اور مشرق وسطیٰ میں جلد امن بحال کرنے کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے اسلامی تعاون تنظیم(او آئی سی)کے سیکرٹری جنرل سمیت مندوبین کو بتایا کہ غزہ میں ایک انسانی تباہی پھیل رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ غزہ کی صورت حال دنیا بھر کے تمام ممالک کو متاثر کرتی ہے، جو صحیح اور غلط کے انسانی احساس اور انسانیت کے کم سے کم درجے پر سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو اس تباہی کو پھیلنے سے روکنے کے لیے فوری طور پر موثر اقدامات کرنے چاہیئں۔