عالمی برادری غزہ میں جاری جنگ کو روکنے میں کردار ادا کرے، رابطہ عالم اسلامی

145
Gaza
Gaza

لندن۔8جولائی (اے پی پی):رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل شیخ ڈاکٹر محمد العیٰسی نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ غزہ میں جاری جنگ کو روکنے میں کردار ادا کرے،انہوں نے عالمی برادری سے غزہ میں جاری خونریزی کو جلد روکنے کے لیے نیک نیتی اور تاریخی ذمہ داری کے ساتھ آگے بڑھنے کی اپیل کی ۔ ایس پی اے کے مطابق شیخ ڈاکٹر محمد العیٰسی نے لندن میں معروف تحقیقاتی ادارے پالیسی ایکسچینج کی میزبانی میں دو الگ الگ سیشنز میں ایک وسیع مکالمے میں شرکت کی۔انہوں نے موثر اور نتیجہ خیز مکالمے کی اہمیت، مذہبی اور ثقافتی اختلافات کے احترام کو اجاگر کیا۔

ڈاکٹر محمد العیٰسی نے مرکزی اجلاس اور وركنگ لنچ میں سوالات کا جواب دیتے ہوئے برطانیہ میں ملکی ترقی، استحکام اور خوشحالی میں مسلمانوں کے مثبت کردار اور تعاون کو سراہا۔انہوں نے اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان کے خطرات سے خبردار کرتے ہوئے اس اصطلاح کے مفہوم سے متعلق پائے جانے والے ابہام کی وضاحت کی۔ انہوں نے نفرت کے رجحان کا تجزیہ کرتے ہوئے اس کے علاج کے طریقوں کا جائزہ بھی پیش کیا۔