عالمی برادری غزہ میں فوری جنگ بندی کرائے ،فلسطین میں معصوموں کا قتل عام بندکیا جائے اور جنگ زدہ علاقہ میں امدادی سامان پہنچایا جائے، امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا غزہ مارچ سے خطاب

138
عالمی برادری غزہ میں فوری جنگ بندی کرائے ،فلسطین میں معصوموں کا قتل عام بندکیا جائے اور جنگ زدہ علاقہ میں امدادی سامان پہنچایا جائے، امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا غزہ مارچ سے خطاب

اسلام آباد۔29اکتوبر (اے پی پی):امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ عالمی برادری غزہ میں فوری جنگ بندی کرائے ،فلسطین میں معصوموں کا قتل عام بندکیا جائے اور جنگ زدہ علاقہ میں امدادی سامان پہنچایا جائے، اقوام متحدہ نے تسلیم کیا ہے کہ اسرائیل فلسطینیوں کی زمینوں پر قابض ہے، لاہور میں بھی فلسطین مارچ کا انعقاد کرینگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو ایمبیسی روڈ پر غزہ مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔مارچ میں لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی جن میں بچے، خواتین بھی شامل تھیں۔

نائب امرا جماعت اسلامی لیاقت بلوچ، میاں محمد اسلم، سیکرٹری جنرل امیر العظیم اور دیگرقائدین بھی غزہ مارچ میں شریک تھے۔ سراج الحق نے کہا کہ امریکا اسرائیل کے ساتھ کھڑا ہے تو ہم غزہ کے مظلوموں کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 19 نومبر کو لاہور میں ملین مارچ ہوگا، اہل فلسطین کے حق میں تحریک کو جاری رکھیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں ہر طبقہ فکرحتیٰ کہ اداکار غزہ سے اظہار یکجہتی کررہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ غزہ پر بدستور بمباری جاری ہے، الخدمت فاؤنڈیشن غزہ میں خوراک، ادویات پہنچا رہی ہے اور اب تک ایک ارب سے زیادہ امدادفلسطین پہنچا چکی ہے۔

جماعت اسلامی کے زیر اہتمام غزہ مارچ کا انعقاد فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی اور فلسطین بالخصوص غزہ کی پٹی میں جاری بحران کے تناظر میں کیا گیا تھا ۔غزہ مارچ میں جماعت اسلامی کے علاوہ دیگر مذہبی اور شہری تنظیموں نے بھی شرکت کی ۔اس موقع پر احتجاج میں شریک تحریک بیداری امت مصطفیٰؐ کے کارکنان نے بھی فلسطینی عوام کے ساتھ بھر پور اظہار یکجہتی کیا اور اسرائیلی جارحیت کی مذمت کی ۔

تحریک بیداری امت کے سربراہ علامہ سید جواد نقوی نے اجتماع سے خطاب بھی کیا اوراقوام عالم کی فلسطین کے مسلسل بحران کی طرف توجہ مبذول کرائی ۔انہوں نے مسئلہ فلسطین کو مستقل طور پر حل کرنے کے لیے عملی اقدامات کی اشد ضرورت پر زور دیا۔دریں اثنا وحدت المسلمین کے کارکنان نے بھی امام بارگاہ اثنیٰ عشری سے مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے ریلی کا اہتمام کیا ، ریلی کے شرکاءمیں خواتین اور بچے بھی شامل تھے جنہوں نے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی اور اسرائیلی مظالم کے خلاف بینر اور کتبے اٹھا رکھے تھے ۔