اسلام آباد۔29نومبر (اے پی پی):پاکستان نے مسئلہ فلسطین کے لیے اپنی مسلسل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ فلسطینی عوام کی زندگیوں اور بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے اپنی ذمہ داری نبھائے، مسئلہ فلسطین کے منصفانہ اور پائیدار حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے اور مقبوضہ علاقوں میں بین الاقوامی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے لیے احتساب کو یقینی بنائے۔
پیر کو دفتر خارجہ نے فلسطینی عوام کیساتھ یکجہتی کے عالمی دن کے موقع پر کہا کہ یہ دن عالمی برادری کے لیے اس بات کی یاددہانی ہے کہ فلسطین کا مسئلہ تاحال حل طلب ہے اور فلسطینی عوام ابھی تک اپنے ناقابل تنسیخ حق خود ارادیت سے محروم ہیں۔ترجمان نے کہا کہ اس دن، پاکستان فلسطینی عوام اور مسئلہ فلسطین کے لیے اپنی مسلسل اور دو ٹوک حمایت کا اعادہ کرتا ہے، جو ہمیشہ سے پاکستان کی خارجہ پالیسی کا متعین اصول رہا ہے۔
پاکستان نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ فلسطینی عوام کی زندگیوں اور انکے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے اپنی ذمہ داری نبھائیں، مسئلہ فلسطین کے منصفانہ اور پائیدار حل کے لیے اپنا کردار ادا کریں اور مقبوضہ علاقوں میں بین الاقوامی انسانی حقوق اور انسانی قانون کی وسیع پیمانے پر ہونے والی خلاف ورزیوں کے لیے احتساب کو یقینی بنائیں۔ ترجمان نے کہا کہ ہم اس دن ایک قابل عمل، خودمختار اور مستحکم فلسطینی ریاست کے لیے اپنے مطالبے کی تجدید کرتے ہیں۔