اسلام آباد ۔ 29 جون (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بے گناہ کشمیریوں پر ہونے والے مظالم کا ادراک کرے اور انسانی حقوق کے کنوونشنز کے تحت بھارت کو جوابدہ بنائے، بھارت کو مقبوضہ جموں کشمیرکی علیحدہ شناخت اور ڈیموگرافی تبدیل کرنے سے روکنے کیلئے اقوام متحدہ اور بین الاقوامی برادری کو فوری طور پر ایکشن لینا چاہئے، وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت کے حصول تک کشمیری عوام کی حالت زاراور اصل حقائق کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرتے رہیں گے۔ پیر کووفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے انقرہ یونیورسٹی میں کشمیر: علاقائی اور بین الاقوامی تناظر کے عنوان سے منعقدہ آن لائن کانفرنس میں اپنے پیغام میں کہا کہ دنیا کرونا وبا کا مقابلہ کرنے میں مصروف تھی تو اسی وقت بھارت نے کشمیری عوام پر اپنی بربریت کو مزید تیز کردیا ، کشمیر تنازعہ کے علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر اہم اثرات مرتب ہوسکتے ہیں ، دنیا اسے نظر انداز کرنے کی متحمل نہیں ہوسکتی۔ انہوں نے کہا کہ ہندو بالادستی قائم کرنے والی موجودہ مودی سرکار نے کشمیری عوام پر بے مثال ظلم،جبر جاری رکھے ہوئے ہے، فاشسٹ ہندوستانی حکومت نے انتہائی غیر جمہوری انداز سے 5 اگست 2019 کی آدھی رات کو کشمیر کی خود مختاری کی حیثیت کو منسوخ کردیا۔ سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ مظاہروں سے بچنے کے لئے فاشسٹ مودی نے 9 لاکھ افراد کو سخت ترین لاک ڈائون میں رکھا ہوا ہے، ہندوستانی حکومت نے انٹرنیٹ اور فون بند کردیے ، بچوں کو گھروں سے اغوا کرلیا اور ہزاروں کشمیریوں کو من مانے انداز میں حراست میں لیا ، جن میں سیاسی رہنما ، کارکن ، صحافی ، وکیل اور متحرک سول سوسائٹی سے منسلک افراد شامل ہیں، آج تک سینکڑوں افراد بغیر کسی الزام کے نظربند ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ عالم انسانیت کو امید تھی کہ شاید کشمیریوں کے لئے کورونا وبا بھارتی مظالم میں کمی لا سکے لیکن بھارتی مظالم کا یہ سلسلہ نہیں رک سکا ، بھارت کورونا وبا کی آڑ میں اپنے توسیع پسندانہ اہداف کا حصول جاری رکھے ہوئے ہے۔ سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ ہر کشمیری کی شہادت کشمیریوں کے ہندوستانی قبضے سے آزادی کے عزم کو مزید تقویت بخشے گی، کشمیری کبھی بھی اپنا حق خودارادیت ترک نہیں کریں گے جیسا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی قیادت اور عوام کشمیریوں کے حق خود ارادیت اس مقصد کی مکمل حمایت کے اپنے عزم سے ایک انچ پیچھے نہیں ہٹے گی۔ وزیر اطلاعات نے مسئلہ کشمیر کی علاقائی اور بین الاقوامی جہتوں کو اجاگر کرنے کے اقدام کی تعریف کی اور کشمیری عوام کے لئے ترک بھائیوں کی بے مثال حمایت کو سراہا۔آزاد جموں و کشمیر کے صدر مسعود خان ،برٹش ہاؤس آف لارڈز کے ممبر لارڈ نذیر احمد اور انقرہ میں پاکستان کے سفیر سائرس سجاد قاضی نے بھی خطاب کیا۔