راولاکوٹ۔27اکتوبر (اے پی پی):جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ کشمیریوں نے ہندوستان کے فوجی قبضے کے خلاف یوم سیاہ منا کر ایک بار پھر ثابت کردیا ہے کہ وہ آزادی چاہتے ہیں
،ہندوستان نے 75برسوں میں 5لاکھ کشمیریوں کو شہید کر کے تحریک آزادی کشمیر ختم کرنے کی سازش کی لیکن بہادر اور جرات مند کشمیری استقامت کے ساتھ ڈٹے ہوئے ہیں ،کشمیریوں نے عملی طور پر ہندوستان کی قابض فوج کو شکست سے دوچار کردیا ہے ،کشمیری گزشتہ 200سال سے میدان جنگ میں ہیں وہ آزادی سے کم کوئی حل قبول نہیں کریں گے ،کشمیریوں کی تاریخ ساز جدوجہد کے نتیجے میں نہ صرف کشمیر آزاد ہو گا بلکہ ہندوستان کے اندر اور بھی مظلوم اقوام کو آزادی ملے گی ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔
انہوں نے کہاکہ ہندوستان نے کشمیریوں سے عالمی برادری کے سامنے یہ عہد کیا تھا کہ وہ کشمیریوں کو اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ کرنے کے لیے حق خودارادیت فراہم کرے گا ، عالمی برادری کی ضمانت پر ہزاروں کشمیری مجاہدین نے ہتھیار رکھے تھے لیکن ہندوستان اپنے عہد سے منخرف ہوچکا ہے ، اپنا حق مانگنے کی پاداش میں 15لاکھ قابض بھارتی فوج کشمیریوں کا قتل عام کررہی ہے ، عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی ضمانت اور ہندوستانی قیادت کے عہد کو پورا کرنے کے لیے کشمیریوں کو حق خودارادیت دلائے تا کہ کشمیری اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ کرسکیں ۔مقبوضہ جموں وکشمیر کے اندر ہونے والے مظالم اور کشمیریوں کی نسل کشی برداشت سے باہر ہوچکی ہے ۔
کشمیری اقوام متحدہ کے چارٹر اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق اپنے حق کے حصول کے لیے مسلح جدوجہد کا حق رکھتے ہیں ، نریندر مودی کشمیریوں کا قتل عام کر کے اور غیر ریاستی ہندوئوں کو مقبوضہ جموں وکشمیر میں آباد کر کے آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کا گھنائونا کھیل کھیل رہا ہے عالمی اور اسلامی برادری اس کا سختی سے نوٹس لے بیس کیمپ اور پاکستان کی حکومت کشمیرکی آزادی کو منزل سے ہمکنار کرنے کے لیے فیصلہ کن کردار ادا کرے ۔