عالمی برادری کو سربرینیشیا میں 25 سال قبل ہونے والی نسل کشی اور قتل عام جیسے واقعات سے سبق سیکھنا چاہئے اور ایسے واقعات کو دوبارہ رونما ہونے کی اجازت نہیں دینی چاہئے، وزیراعظم عمران خان

113

اسلام آباد ۔ 11 جولائی (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عالمی برادری کو سربرینیشیا میں 25 سال قبل ہونے والی نسل کشی اور قتل عام جیسے واقعات سے سبق سیکھنا چاہئے اور ایسے واقعات کو دوبارہ رونما ہونے کی اجازت نہیں دینی چاہئے، آج کشمیری عوام کو بھارت کی 8 لاکھ فوج نے یرغمال بنایا ہوا ہے، خدشہ ہے کہ وہاں بھی ایسا افسوسناک قتل عام نہ ہو۔ ہفتہ کو سربرینیشیا میں ہونے والی نسل کشی کی 25 ویں برسی کی مناسبت سے اپنے پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ انہیں قتل عام کا وہ دن اچھی طرح یاد ہے، یہ واقعہ انتہائی دکھ اور صدمہ کا باعث ہے۔ انہوں نے کہا کہ سربرینیشیا کبھی اقوام متحدہ کی امن فوج کی پرامن جنت تھی، ایسی پرامن جگہ پر پچیس برس قبل یہ کیسے ممکن ہوا، مجھے اب بھی اس بات کا صدمہ ہے کہ عالمی برادری نے اس واقعہ کو کیسے رونما ہونے دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ضروری ہے کہ ہم اس واقعہ سے سبق سیکھیں، عالمی برادری کو مستقبل میں ایسے واقعات کو دوبارہ رونما ہونے کی اجازت نہیں دینی چاہئے۔ وزیراعظم نے کہا کہ آج کشمیری عوام کو مشکلات کا سامنا ہے، آٹھ لاکھ بھارتی قابض فوج نے 80 لاکھ کشمیریوں کو یرغمال بنایا ہوا ہے۔ وزیراعظم نے اس خدشہ کا اظہار کیا کہ وہاں بھی ایسا افسوسناک قتل عام نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ میں پاکستانی عوام اور حکومت کی جانب سے بوسنیا کے عوام کے لئے سلامتی اور نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔