اسلام آباد۔15اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی پروفیسر احسن اقبال نے ایک دفعہ پھر عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی تعمیر و بحالی کے اگلے مرحلے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں تاکہ بحالی کا کام جلد شروع کیا جا سکے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی تعمیر نو کے حوالے سے زوم کے ذریعے گول میز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔کانفرنس کا اہتمام ورلڈ بینک، وزارت منصوبہ بندی اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز نے کیا تھا جو امریکہ میں منعقد کی گئی۔گول میز کانفرنس میں وفاقی وزیر پروفیسر احسن اقبال، وزیر اقتصادی امور سردار ایاز صادق، چیف اکانومسٹ، سیکرٹری وزارت منصوبہ بندی اور دیگر اہم حکام نے شرکت کی جبکہ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے امریکہ سے اس کانفرنس میں شرکت کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے ایک جامع "پوسٹ ڈیمیج اینڈ نیڈ اسسمنٹ” مشق کی اہمیت پر روشنی ڈالی جو کہ ورلڈ بنک،ایشیائی ترقیاتی بینک، یورپی یونین اور اقوام متحدہ کے تعاون سے مکمل کی گئی۔یاد رہے کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بدحالی کے اگلے مرحلہ کی باقاعدہ رپورٹ جلد وزیراعظم پیش کریں گے جس کے تحت سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی تعمیر کا کام شروع کیا جائے گا۔
وفاقی وزیر نے شرکاء کو بتایا کہ تباہ کن سیلاب نے تقریباً 33 ملین افراد کو بری طرح متاثر کیا ہے جس نے دو صوبوں کو مکمل طور پہ تباہ کر دیا ہے اور بحالی کا یہ کام بین الاقوامی مدد کے بغیر ممکن نہیں ہے۔انکا کہنا تھا کہ جس طرح سیلاب کے فوراً بعد عالمی برادری نے ریسکیو کے کاموں میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا اسی طرح پاکستان متاثرہ علاقوں کی بحالی میں بھی ان سے بھرپور تعاون کا خواہ ہے۔کانفرنس سے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار،ایاز صادق،ورلڈ بنک کے نمائندوں نے بھی خطاب کیا۔