اسلام آباد۔18دسمبر (اے پی پی):عالمی بینک کے بورڈ آف ایگزیکٹو ڈائریکٹرز نے پاکستان میں بجلی کی تقسیم کو بہتر بنانے، صارفین کی خدمات کے معیار کو بڑھانے اور توانائی کے شعبے میں اصلاحات کے نفاذ میں مدد کے لیے 195 ملین ڈالر کی فنانسنگ کی منظوری دیدی ہے۔
الیکٹرک سٹی ڈسٹری بیوشن ایفیشینسی امپروومنٹ پراجیکٹ (ای ڈی ای آئی پی) تقسیم کار کمپنیوں کو بجلی کی فراہمی کو زیادہ موثر طریقے سے منظم کرنے اور برقی گرڈ کے آپریشنز کو بہتر بنانے میں مدد دے گا۔ ہفتہ کو یہاں عالمی بینک کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اس منصوبہ میں محصولات کی وصولی کو بڑھانے اور بجلی کے نقصانات کو کم کرنے کے لیے لاگت کی بچت پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔
منصوبہ کے تحت بجلی کے انفراسٹرکچر خاص طور پر گرڈ اسٹیشنز اور ٹرانسمیشن لائنوں کو بھی بہتر بنایا جائے گا۔ پاکستان میں عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ناجی بینہسین نے کہا کہ بجلی کے شعبے کی طویل مدتی مالی استحکام کا انحصار بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی کارکردگی کو بہتر بنانے پر ہے جو صارفین کو بجلی فراہم کرتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس سے منتخب تقسیم کار کمپنیوں کی آپریشنل اور مالیاتی کارکردگی کو بہتر بنائیں گی جس کے نتیجے میں نجی شعبے کی مزید شرکت ممکن ہوسکے گی۔ پراجیکٹ کے ٹاسک ٹیم لیڈر محمد ثاقب کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ حیدرآباد الیکٹرک سپلائی کمپنی، ملتان الیکٹرک پاور کمپنی اور پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی کے آپریشنز اور گورننس کو مضبوط بنانے پر توجہ مرکوز کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ وزارت توانائی کی قیادت میں یہ منصوبہ مارکیٹ سیکٹر کی اصلاحات کو تقویت دینے کے ساتھ ساتھ ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن کے نقصانات کو کم اور شعبے کی مالی کارکردگی کو بہتر بنائے گا۔
یہ منصوبہ رہائشی، زرعی، تجارتی اور صنعتی شعبے کے صارفین کے لیے بجلی کی خدمات کو بہتر بنائے گا اور کاربن کے اخراج کو کم کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔