عالمی بینک نے پاکستان کیلئے نئے کنٹری شراکت داری فریم ورک کی تیاری کے ضمن میں مشاورتی عمل شروع کردیا

53

اسلام آباد۔18جنوری (اے پی پی):عالمی بینک نے پاکستان کیلئے نئے کنٹری شراکت داری فریم ورک (سی پی ایف) کی تیاری کے ضمن میں مشاورتی عمل شروع کردیا ہے۔یہ بات پاکستان میں عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹرناجی بن حسائن نے پیر کوکہی ۔انہوں نے بتایا کہ 2022 سے لیکر2026 تک کی مدت کیلئے پاکستان کے ساتھ نئے شراکت داری فریم ورک کی تشکیل کے ضمن میں مشاورتی عمل کاآغازکردیا گیا ہے۔فریم ورک میں پاکستان کیلئے سٹریٹجک معاونت کے خذوخال واضح ہوں گے۔انہوں نے کہاکہ عالمی بینک ہر 4سے لیکر پانچ سالوں کے بعد ممبرممالک کیلئے نیا کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک تیارکرتا ہے جس میں کسی بھی رکن ملک کی بدلتی ہوئی ترجیحات شامل کی جاتی ہے۔ ناجی بن حسائن نے کہاکہ نئے فریم ورک میں عالمی بینک کی معاونت کوپاکستان کے ترقیاتی ایجنڈا سے مربوط کیا جائیگا۔انہوں نے کہاکہ نئے فریم ورک کی تشکیل میں کلیدی شراکت داروں، حکومتی حکام، پارلیمینٹرینز، نجی شعبہ، سول سوسائٹی کی تنظیموں بشمول خواتین اور نوجوانوں کے گروپ، بین الاقوامی مالیاتی اداروں ، سفارتی کمیونٹی ،میڈیا اورماہرین تعلیم سے مشاورت کی جارہی ہے۔ اس مشاورت کا مقصد پاکستان کی اقتصادی اورسماجی چیلنجوں پرکلیدی شراکت داروں کے متنوع رائے اورخیالات سے آگاہی حاصل کرنا اوراس کی روشنی میں معاونتی عمل کو آگے بڑھاناہے۔