عالمی بینک نے پاکستان کیلئے 102ملین ڈالر مالی معاونت کے منصوبہ کی منظوری دے دی

102

اسلام آباد۔19مارچ (اے پی پی):عالمی بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے چھوٹے قرضوں تک رسائی میں اضافہ کے منصوبہ کے ضمن میں پاکستان کیلئے 102ملین ڈالرمالی معاونت کی منظوری دیدی ہے، ریزیلینٹ اینڈ ایکسیس ایبل مائیکرو فنانس منصوبے کے تحت چھوٹے قرضوں اورقرض داروں کی لچک کو بہتر بنایا جائیگا۔ بدھ کوعالمی بینک کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق پاکستان کیلئے عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ناجی بن حسائن نے بتایاکہ معاشی طورپر کمزور آبادیوں کی روزگار کی معاونت کے لئے چھوٹے قرضہ جاتایک اہم ذریعہ ہے۔

عالمی بینک کے منصوبہ سے خاص طور پر بڑھتے ہوئے موسمیاتی خطرات کے پیش نظر چھوٹے قرضوں کے شعبے کی لچک کو مستحکم کرنے میں مددملے گی۔ منصوبہ کے تحت دیہی آبادیوں میں زیادہ ضرورت مندافراد کو مالی خدمات کی فراہمی کویقینی بنایاجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کیلئے عالمی بینک کے 10سالہ کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک کے مطابق اس منصوبے کے ذریعے پاکستان میں مالی شمولیت کو فروغ دیا جائے گا۔

عالمی بینک کے مطابق ریزیلینٹ اینڈ ایکسیس ایبل مائیکرو فنانس منصوبہ سے خاص طور پر کم آمدنی والی اور کمزور دیہی آبادیوں میں رہنے والے تقریباً 1.89 ملین افراد (جن میں سے ایک ملین سےزیادہ خواتین اور 350,000 سے زیادہ نوجوان شامل ہیں) کو فائدہ پہنچنے کا امکان ہے۔منصوبہ کے تحت مائیکرو فنانس اداروں کو مالی وسائل فراہم کرکے اس بات کو یقینی بنایا جائے گاکہ وہ موسمیاتی مالی دباؤ کے دوران بھی خدمات فراہم کرتے رہیں۔ اس منصوبے کے تحت افراد اور چھوٹے کاروباروں کے لئے مائیکروکریڈٹ تک رسائی میں اضافہ کیاجائے گا۔

پراجیکٹ کے ٹاسک ٹیم لیڈر ناموس ظہیر نے بتایا کہ ریزیلینٹ اینڈ ایکسیس ایبل مائیکرو فنانس منصوبہ 2022 کے تباہ کن سیلابوں سے حاصل ہونے والے سباق کی بنیاد پر ڈیزائن کیا گیا ہے۔ یہ منصوبہ پاکستان میں مالی شمولیت کو مزید مستحکم کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ منصوبہ موسمیاتی تبدیلیوں سے زیادہ متاثرہونے والے لوگوں کو معاشی بااختیار بنانے کیلئے وضع کیاگیاہے۔ منصوبہ پر وزارت خزانہ کے ذریعے سٹیٹ بینک آف پاکستان کے تعاون سے عمل کیا جائے گا۔