عالمی بینک نے پاکستان کے لیے نئی کنٹری ڈائریکٹر بولورما آمگابازر کا تقرر کر دیا

33

اسلام آباد۔30جون (اے پی پی):عالمی بینک نے بولورما آمگابازر کو پاکستان کے لیے نئی کنٹری ڈائریکٹر مقرر کر دیا ہے۔ وہ یکم جولائی 2025ء سے ناجی بن حسائن کی جگہ اپنے عہدے کا چارج سنبھالیں گی ۔پیر کو ورلڈ بینک کی طرف سے جاری بیان میں آمگابازر نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ مجھے ورلڈ بینک کی جانب سے پاکستان کے لیے کنٹری ڈائریکٹر مقرر کیا گیا ہے۔

پاکستان اور ورلڈ بینک کے درمیان شراکت داری کا ایک طویل اور مضبوط رشتہ ہے جس سے نسل در نسل لاکھوں لوگوں کو فائدہ پہنچا ہے۔ میں وفاقی و صوبائی حکومتوں، مقامی اداروں، سول سوسائٹی، نجی شعبے، ترقیاتی شراکت داروں اور دیگر سٹیک ہولڈرز کے ساتھ تعلقات کو مزید بہتر کرنے کی منتظر ہوں۔

آمگابازر نے مزید کہا کہ ہم پاکستان کو اس کے اہم ترقیاتی چیلنجز سے نمٹنے میں معاونت جاری رکھیں گے جن میں بچوں کی غذائی قلت، تعلیمی پسماندگی، موسمیاتی تبدیلی کے شدید اثرات اور توانائی کے شعبے کی پائیداری شامل ہیں۔آمگابازر کا تعلق منگولیا سے ہے اور انہیں بین الاقوامی ترقی کے شعبے میں دو دہائیوں سے زائد کا تجربہ حاصل ہے۔ وہ 2004ء میں ورلڈ بینک میں شامل ہوئیں اور مشرقی ایشیا و پیسیفک، افریقہ اور مشرقی یورپ و وسطی ایشیا کے خطوں میں خدمات انجام دے چکی ہیں۔

وہ کرغیز جمہوریہ، انڈونیشیا اور مشرقی تیمور میں بینک کے کنٹری دفاتر میں انتظامی عہدوں پر بھی فائز رہی ہیں۔ ورلڈ بینک سے قبل انہوں نے منگولیا، انڈونیشیا اور مشرقی تیمور میں بین الاقوامی ترقیاتی اداروں کے ساتھ کام کیا۔