عالمی بینک نے پنجاب میں خاندانی منصوبہ بندی کے پروگرام کیلئے 10 کروڑ ڈالرکی امدادکی منظوری دے دی

203

اسلام آباد۔13جولائی (اے پی پی): عالمی بینک نے پنجاب میں خاندانی منصوبہ بندی کے پروگرام کیلئے 10 کروڑ ڈالرکی امدادکی منظوری دیدی ہے۔پاکستان میں عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹرناجی بن حسائن نے جمعرات کوایک بیان میں کہاہے کہ عالمی بینک کے ایگزیکٹوبورڈ نے پنجاب میں خاندانی منصوبہ بندی کی خدمات میں بہتری لانے کیلئے 10 کروڑ ڈالرکی امداد کی منظوری دیدی ہے۔انہوں نے کہاکہ اس پروگرام کابنیادی مقصد 2030 تک پنجاب میں تولیدی صحت اور خاندانی منصوبہ بندی کے طریقوں کو 60 فیصدکی سطح پرپہنچانا ہے۔

انہوں نے کہاکہ یہ پاکستان کیلئے اہم پروگرام ہے کیونکہ ملک کی آبادی میں تیزی سے اضافہ ہورہاہے جس سے ترقی اورنموکی رفتار سست ہورہی ہے۔پروگرام کے تحت خاندانی منصوبہ بندی کی خدمات کی مفت فراہمی کو یقینی بنایا جائیگا اوربہبودآبادی کے حوالہ سے آگاہی مہم بھی چلائی جائیگی۔

انہوں نے کہاکہ پنجاب کے بعض اضلاع میں پہلے سے پائلٹ پراجیکٹ شروع کیاگیاہے جس کے مثبت اثرات سامنے آئے ہیں۔عالمی بینک کی معاونت سے یہ پروگرام پنجاب کے تمام اضلاع میں صوبائی محکمہ بہبودآبادی اورمحکمہ صحت کے تعاون سے آگے بڑھایا جائے گا۔