عالمی بینک نے یوکرین کے لئے 610 ملین ڈالر کے امدادی پیکیج کی منظوری دے دی

120

واشنگٹن۔21دسمبر (اے پی پی):عالمی بینک نے یوکرین کے لئے 610 ملین ڈالر کے امدادی پیکیج کی منظوری دے دی۔ روسی خبر رساں ادارے کے مطابق عالمی بینک نے جاری بیان میں کہا کہ نئے امدادی پیکیج کے تحت یوکرین میں ریلیف اور بحالی کی کوششوں میں تیزی لائی جائے گی۔

بیان کے مطابق عالمی بینک انٹرنیشنل بینک فار ری کنسٹرکشن اینڈ ڈیویلپمنٹ کے ذریعے یوکرین کو قرض کی فراہمی کے لئے بھی 500 ڈالر فراہم کرے گا۔ یہ قرضہ برطانیہ کی ضمانت پر فراہم کیا جائے گا اور اس سے یوکرین میں سرکاری ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ مالی مشکلات کا شکار خاندانوں کی مدد بھی کی جائےگی۔عالمی بینک یوکرین کو صحت کی سہولیات بہتر بنانے کے منصوبے کے لئے بھی امداد فراہم کرے گا۔

منصوبے کے لئے ابتدائی فنڈنگ آئی بی آر ڈی قرضے کے لئے 105 ملین ڈالر کی فراہمی کی صورت میں کی جائے گی۔ عالمی بینک کے صدر ڈیوڈ ملپاس نے کہا ہے کہ بینک یوکرین کے لئے 15 ارب ڈالر کی رقم پہلے ہی مختص کر چکا ہے ۔