عالمی بینک کا وزیراعظم عمران خان کی جانب سے 60 فیصد صاف وماحول دوست توانائی کے پیداوارکے اعلان وعزم کا خیرمقدم

70

اسلام آباد۔14دسمبر (اے پی پی):عالمی بینک نے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے 2030 تک پاکستان میں 60 فیصد صاف وماحول دوست توانائی کے پیداوارکے اعلان کا خیرمقدم کیاہے۔پاکستان میں عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹرناجی بن حسائن نے پیرکوایک بیان میں کہاہے کہ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے 2030 تک پاکستان میں 60 فیصد صاف وماحول دوست ومتبادل ذرائع سے توانائی کے پیداوارکا اعلان انتہائی خوش آئند ہے۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم کی جانب سے کوئلہ سے بجلی پیداکرنے کے نئے منصوبوں پرپابندی کا اعلان بھی انتہائی خوش آئند ہے جس کاعالمی بینک بھرپورخیرمقدم کرتاہے۔عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹرنے کہاکہ وزیراعظم پاکستان کا اعلان وعزم ماحولیاتی تبدیلی اورپائیدارترقی کے ایجنڈے کیلئے بہت اہمیت کاحامل ہے۔واضح رہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں پر پیرس معاہدے کی پانچویں سالگرہ پر بین الاقوامی ورچوئل سمٹ سے اپنے خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان صاف وماحول دوست توانائی کی جانب گامزن ہے اور 2030 تک مجموعی توانائی کے 60 فیصد ذرائع کو کلین انرجی اور 30 فیصد گاڑیوں کو بجلی پر منتقل کرنے کا ہدف مقررکیاگیا ہے ۔ وزیراعظم نے اپنے خطاب میں کہاکہ پاکستان کا ماحولیاتی آلودگی میں حصہ ایک فیصد سے بھی کم ہے تاہم یہ امر افسوس ناک ہے کہ پاکستان ماحولیاتی آلودگی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا پانچواں ملک ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ سب سے پہلے ہم نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کے لئے قدرتی ذرائع بروئے کار لائیں، اس سلسلے میں ہم آئندہ تین سال میں 10 ارب درخت لگا رہے ہیں، ہم نے نیشنل پارک اور محفوظ علاقوں کی تعداد 30 سے بڑھا کر 45 کی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کلین انرجی کی جانب گامزن ہے، 2030 تک مجموعی توانائی کے 60 فیصد کو کلین انرجی اور قابل تجدید توانائی پر منتقل کرنے کا ہدف ہے ، پاکستان ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات پر قابو پانے کیلئے تمام تر ممکن اقدامات کرے گا۔