23.8 C
Islamabad
اتوار, مئی 11, 2025
ہومزرعی خبریںعالمی بینک کا 2030 تک زرعی مالیاتی اور کاروباری فنڈنگ کے وعدوں...

عالمی بینک کا 2030 تک زرعی مالیاتی اور کاروباری فنڈنگ کے وعدوں کو دوگنا کرکے 9 ارب ڈالر سالانہ تک بڑھانے کااعلان ، ترقی پذیرممالک میں آئندہ دھائی کے دوران 1.2 ارب نوجوانوں کوملازمت دینے میں زراعت کاشعبہ کلیدی کردارکاحامل رہے گا، اجے بنگا

- Advertisement -

اسلام آباد۔24اکتوبر (اے پی پی):عالمی بینک نے 2030 تک زرعی مالیاتی اور کاروباری فنڈنگ کے وعدوں کو دوگنا کرکے 9 ارب ڈالر سالانہ تک بڑھانے کااعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ ترقی پذیرممالک میں آئندہ دہائی کے دوران 1.2 ارب نوجوانوں کوملازمت دینے میں زراعت کاشعبہ کلیدی کردارکاحامل رہے گا۔

یہ بات عالمی بینک کے صدراجے بنگا نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ اورعالمی بینک کے سالانہ اجلاس کے موقع پرزراعت سے متعلق اہم سیشن سے اپنے کلیدی خطاب میں کہی ۔انہوں نےعالمی بینک گروپ کا زرعی شعبے میں نئی حکمت عملی، خوراک کی حفاظت اور ملازمتوں کی فراہمی کے لیے اہم اقدامات کا تفصیل سے ذکرکیا۔

- Advertisement -

انہوں نے کہاکہ ترقی پذیرممالک میں آئندہ دہائی کے دوران 1.2 ارب نوجوان ملازمت کی تلاش میں ہوں گے، لیکن صرف 420 ملین ملازمتیں دستیاب ہوں گی جبکہ 800 ملین نوجوانوں کو روزگارکے مسائل کاسامنا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ زراعت کا شعبہ مستقبل میں نہ صرف خوراک کے تحفظ، غذائیت، ترقی بلکہ روزگار کی فراہمی میں بھی کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔

گزشتہ کئی دہائیوں سے زراعت کی پیداواری صلاحیت، آبی وسائل کی کمی، کھاد، انفراسٹرکچر اور مالیاتی چیلنجز نے زراعت کی مکمل صلاحیت کو بروئے کار لانے میں رکاوٹیں پیدا کیں۔ موسمیاتی خطرات اورتبدیلیوں سے نمٹنے اور نئے مالیاتی آلات کی مدد سے زرعی شعبے میں نجی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی ضروری ہے جن میں قرضوں کی ضمانتیں، ابتدائی نقصان کے فنڈز اور بیمہ کے آلات شامل ہیں انہوں نے کہاکہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز اور فِن ٹیک کے ذریعے کسانوں کو مالیاتی خدمات اور خریداروں سے جوڑنا پہلے سے کہیں آسان ہو گیا ہے۔

یہ نئے ڈیجیٹل آلات کسانوں کی پیداواری صلاحیت بڑھانے اور ان کی مالیاتی سروسز تک رسائی کے اخراجات میں نمایاں کمی لا سکتے ہیں۔عالمی بینک کے صدرنے کہاکہ بڑی فوڈ کمپنیاں اور تاجران جو عموماً تنہائی میں کام کرتے ہیں، اب کسانوں کی تنظیموں کے ساتھ مل کر بہتر نتائج حاصل کر سکتے ہیں، جس سے چھوٹے کسانوں کو بھی اس عمل میں شامل کیا جا سکے گا۔ انہوں نے اس موقع پر عالمی گروپ کی جانب سے 2030 تک زرعی مالیاتی اور کاروباری فنڈنگ کے وعدوں کو دوگنا کرکے 9 ارب ڈالر سالانہ تک بڑھانے کااعلان بھی کیا۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=516422

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں