عالمی بینک کی ششماہی رپورٹ

واشنگٹن ۔ 17 اکتوبر (اے پی پی) عالمی بینک نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں انتہائی غربت کی شرح میں کمی کے باوجود اب بھی نصف کے قریب آبادی 5.50 ڈالر یومیہ سے کم آمدنی کی حامل ہے جبکہ امیر ممالک میں بھی غربت کی شرح میں اضافہ ہورہا ہے۔ورلڈ بینک کی جانب سے بدھ کو جاری ہونے والی ششماہی رپورٹ کے مطابق غربت کے حوالے سے پسماندہ ملکوں کا بغور جائزہ لیا گیا بالخصوص انتہائی غربت کے حامل ان علاقوں پر بھی غور کیا گیا جہاں یومیہ آمدنی 1.90 ڈالر سے بھی کم ہے تاہم ان میں حالیہ سالوں کے دوران بہتری آئی ہے۔غربت کے معیار میں بہتری کے تحت اب بھی دنیا میں غریبوں کی تعداد ناقابل قبول حد تک زیادہ ہے، تاہم اقتصادی ترقی کے غیر معمولی ثمرات مختلف خطوں اور ممالک میں دیکھنے میں آئے،حالیہ سالوں میں ہونے والی ترقی سے دنیا بھر میں 2013 ءسے 2015 ءکے درمیان غریب افراد کی تعداد 68 ملین (6 کروڑ 80 لاکھ) افراد کی کمی ہوئی ہے جو کہ تھائی لینڈ یا برطانیہ کی آبادی کے برابر ہے۔بینک کا کہنا ہے کہ دنیا میں غریب افراد کی تعداد میں کمی کے باوجود ہوسکتا ہے کہ 2030 ءتک غریب افراد کی تعداد کل آبادی کے 3 فیصد سے کم کی سطح پر لانے کا ہدف حاصل نہ کیا جاسکے،انتہائی غربت چند ملکوں تک محدود رہ گئی ہے اور غربت کے خاتمے کی رفتار میں جلد تیزی آئے گی۔