عالمی بینک کی پاکستان کی جی ڈی پی میں 2فیصد نمو کی پیشنگوئی

176
https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=345782

اسلام آباد۔11جنوری (اے پی پی):عالمی بینک نے مالی سال 2023 میں پاکستان کی مجموعی قومی پیداوار(جی ڈی پی) میں2فیصد نمو کی پیشنگوئی کی ہے۔ یہ بات عالمی بینک کی جانب سے جاری کردہ عالمی اقتصادی منظرنامہ میں کہی گئی ہے۔

قبل ازیں اکتوبرمیں بھی عالمی بینک نے اپنے جائزوں میں جی ڈی پی میں دو فیصد نمو کی پیشنگوئی کی تھی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی معیشت مشکلات کی شکار ہے ، زرمبادلہ کے ذخائرکم ہیں، مالی خسارہ اور گزشتہ سال آنے والے سیلاب کے نتیجے میں مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں ، گزشتہ سال مون سون میں ہونے والی شدید بارشوں سے زراعت، بنیادی ڈھانچہ اور لائیو سٹاک کو شدید نقصان پہنچا، زراعت پاکستان کی مجموعی قومی پیداوار کا 23فیصد ہے جبکہ روزگارکی فراہمی میں اس کا حصہ 37فیصد سے زیادہ ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جون سے دسمبر تک کی مدت میں امریکی ڈالرکے مقابلے میں پاکستانی کرنسی کی قدر میں 14فیصد کمی ہوئی ۔ صارفین کیلئے بنیادی اشیاء کی مہنگائی دسمبرکے دوران سالانہ بنیادوں پر24.5فیصد کی سطح پر پہنچی۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں آنے والے حالیہ سیلاب سے مجموعی قومی پیدوار(جی ڈی پی) کا 4.8فیصد نقصان ہوا ہے۔